ٹیلی کمیونیکیشن کے 700 ملازمین کی ترقی کیلئے پروموشن بورڈ کا اجلاس اگلے ایک دو روز میں منعقد ہوگا۔ صوبہ بھر میں 350 انسپکٹرز، 1300 سب انسپکٹرز اور 2100 اے ایس آئیز کی پروموشن جلد ہو جائیں گی۔آئی جی پنجاب
لاہور (خبرنگار)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پولیس فورس کی ڈیڑھ لاکھ سے زائد کانسٹیبلری کی ہیلتھ سکریننگ مکمل کرلی گئی ہے اور ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، ویکسینیشن کی دوسری ڈوز ایک ماہ جبکہ تیسری 6 ماہ بعد لگائی جائے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ تمام اضلاع میں ملازمین کی محکمانہ پروموشنز اور ہیلتھ پراجیکٹس پر پیش رفت تیزی سے جاری ہے، میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق ترقی کے اہل ہر افسر و اہلکار کو اس کا جائزحق بلا تاخیر دیا جارہا ہے ۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ٹیلی کمیونیکیشن کے 700 ملازمین کی ترقی کیلئے پروموشن بورڈ کا اجلاس اگلے ایک دو روز میں منعقد ہوگا، اسی طرح صوبہ بھر میں 350 انسپکٹرز، 1300 سب انسپکٹرز اور 2100 اے ایس آئیز کی پروموشن جلد ہو جائیں گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ہیومن ریسورس ایپ ( APP HRMIS ) پر ملازمین کی اے سی آرز، چھٹیوں سمیت تمام دفتری امور ریکارڈ وقت میں سرانجام پا رہے ہیں، پولیس دفاتر میں پیپر لیس ورکنگ کی ترویج کیلئے کاوشیں جاری ہیں ۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سال 2017 سے قبل کے پولیس شہدا کے ورثا کیلئے نئے گھروں اور ملازمتوں کی تجاویز زیر غور ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ سپروائزری افسران کانسٹیبلری کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گذاریں، انکے مسائل کے ازالے کیلئے بھرپور کوشش کریں جبکہ تمام فورس شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے صدق دل اور خلوص نیت سے اقدامات کرتے ہوئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں خانیوال ، لودھراں اور وہاڑی کے افسران واہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا
۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے خانیوال لودھراں وہاڑی کے81 پولیس افسران واہلکاروں کی انعامات سے حوصلہ افزائی کی ۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں لودھراں پولیس کے 54، خانیوال 17، وہاڑی کے 10 افسران و اہلکاروں شامل تھے جنہیں آئی جی پنجاب نے کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا،آئی جی پنجاب نے افسران و اہلکاروں کو بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرزہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آپریشنزوقاص نذیر، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس اور ریٹائرڈ ڈی ایس پی عزیز اللہ خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔