
لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر سے ریڈی میڈ گارمنٹس کی غیر ملکی سرمایہ کار پرائی مارک کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔جس میں پنجاب میں ٹیکسٹائل سیکٹر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر بات چیت ہوئی۔ پرائی مارک کمپنی کے وفد نے صوبائی وزیر کو مختلف ممالک میں اپنی کمپنی کی ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر قومی معیشت کا اہم شعبہ ہے اور یہ روزگار کی فراہمی کا بھی بڑا ذریعہ ہے۔پنجاب کی نگران حکومت نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کیلئے موثراقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے شاندار مواقع موجود ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول موجود ہے۔ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے سرمایہ کاری کی ہر ممکن سہولتیں دی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر میں بڑا پو ٹنشنل موجود ہے اور اس اہم سیکٹر کو فروغ دے کر معاشی مشکلات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔






