کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی ضلعی انتظامیہ اور آب پاک اتھارٹی کے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تصدیق کرنے کی ہدایت
لاہور میں کل واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعداد، فعال اور غیر فعال ہونے کے مصدقہ اعداد فراہم کیے جائیں…. کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا
لاہور (خبر نگار )کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے پورے ڈویژن کی تمام ضلعی انتظامیہ اور آب پاک اتھارٹی کو غیر فعال واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تصدیق کرنے کی ہدایت کردی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ لاہور میں کل واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعداد، فعال اور غیر فعال ہونے کے مصدقہ اعداد فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر فعال واٹر فلٹریشن پلانٹس مخیر افراد و تنظیموں سے ٹھیک کروائے جا سکتے ہیں۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں کل 1218 واٹر فلٹریشن پلانٹس ہیں جن میں سے 282غیر فعال ہیں۔جس پر جائزہ کے دوران غیر فعال تعداد پر تضاد سامنے آیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں واسا، ایم سی ایل، سی اینڈ ڈبلیو، محکمہ بلدیات، آب پاک اتھارٹی کے پاس پلانٹس ہیں۔کمشنر لاہور نے لاہور کے فعال، غیر فعال واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعداد کی تصدیق کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ڈویژن کے اضلاع کے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی لوکیشن اور کوآرڈینیٹس بھی طلب کر لی گئی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ آب پاک اتھارٹی لاہور سمیت ڈویژن کا مصدقہ ڈیٹا فراہم کرے۔ بریفنگ کا ڈیٹا کچھ ماہ پہلے کا ہے۔اس لئے اس پر انحصار نہیں کیا جا سکتا۔فوری طور پر غیر فعال پلانٹس کو چیک کرایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ صاف پانی دستیابی اول ترین شہری سہولت ہے۔ اس پر کوئی کمپرومائز نہیں۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت واٹر فلٹریشن پلانٹس کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف، سی او ایم سی ایل سید علی عباس بخاری، ایم ڈی واسا غفران احمد، محمد عمر اے ڈی سی فنانس لاہور سمیت آب پاک اتھارٹی کے افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈی سیز نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔