الخدمت فانڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کے زیر اہتمام 30مستحق فیملیز میں شادی بکس کی تقسیم
لاہور ( خبرنگار)الخدمت فانڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہورکے زیر اہتمام 30مستحق فیملیز میں شادی بکس کی تقسیم کر دئیے گئے۔ مستحق فیملیز میں شادی بکس تقسیم کرنے کی تقریب الخدمت فانڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہورکے کمیونٹی سنٹر پنجاب سوسائٹی آفس میں منعقد ہوئی جس میںمستحق بچیوں اور ان کی ماؤں نے شرکت کی۔شادی باکس میں دلہن کے لئے شادی کا جوڑا ،جیولری ،دولہا دلہن کے کپڑے،ڈنر سیٹ ،واٹر کولر،ٹرنک، بستر اور کچن میں استعمال کی اشیا شامل ہیں۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی سروسز پروگرام مینیجر عظمی علی نے کہا کہ شدید مہنگائی کے باعث عوام بہت زیادہ پریشان ہیں باالخصوص متوسط اور محنت کش طبقہ شدید ذہنی اضطراب کا شکار ہے۔ایسے میں الخدمت فانڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ پسماندہ اور غریب طبقہ کی مدد کے لئے ہر وقت مصروف خدمت رہتا ہے۔ اب تک ہزاروں مستحق فیملیز میں شادی باکسسز تقسیم کئے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت ٹرسٹ نہ صرف مستحق بچیوں کے نکاح کا فرض ادا کرنے میں غریب والدین کا بوجھ بانٹتا ہے بلکہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی ،تعلیم و صحت کی سہولیات،فنی تعلیم اورڈسپینسری کی سہولیات بھی فراہم کرنے میں بھر پور کردار ادا کر رہا ہے جبکہ یتیم بچوں کی کفالت و تعلیم و تربیت کا فریضہ بھی سر انجام دے رہا ہے