پاکستانسٹیسیاستکھیل

مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض کا خواتین کاٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے پنک گیمز لاہور 2023ء کرانے کا اعلان

محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب اور ڈی سی لاہورکے باہمی تعاون سے پنک گیمز لاہور 2023ء 7 سے 10جون تک ہوں گی، مشیر کھیل پنجاب

لاہور(خبر نگار)مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے خواتین کاٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے پنک گیمز لاہور 2023ء کرانے کا اعلان کیا ہے، نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں بدھ کے روزڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل اور ڈپٹی کمشنر لاہور رافیعہ حیدر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ خواتین کا معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ہے، ان کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کیلئے محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب اور ڈپٹی کمشنر لاہورکے باہمی تعاون سے پنک گیمز لاہور 2023ء منعقد کررہے ہیں جو 7 سے 10جون تک ہوں گی، تمام ایونٹس نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے،کامیاب کھلاڑیوں میں تقریباً 50لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کئے جائیں گے، خواتین کو سپورٹس میں آگے لانے کیلئے پنک گیمز لاہور 2023ء معاون ثابت ہونگی،ڈپٹی کمشنر لاہور رافیعہ حیدر خواتین کے لئے آئیکون ہیں وہ پنک گیمز کو لیڈ کریں گی،پنک گیمز لاہور کے انعقاد کا مقصد ہماری بہنوں، بیٹیوں کو کھیل اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور رافیعہ حیدر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار پنک گیمز لاہور 2023ء منعقد کی جارہی ہیں،رمضان المبارک سپورٹس سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب کے تعاون سے دوسرا ایونٹ کرارہے ہیں جس میں خواتین کے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ چار روزہ پنک گیمز لاہور 2023ء انٹر یونیورسٹی ہوں گی جس میں 10 یونیورسٹیز کی 700سے زائد خواتین کھلاڑی حصہ لیں گی،ان میں پنجاب یونیورسٹی،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی، کنیئرڈ کالج
فار وومن یونیورسٹی، لاہور گیریژن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف لاہور، سپریئر یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی، یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز شامل ہیں، پنک گیمز لاہور 2023ء میں 7سپورٹس ایونٹس میں اتھلیٹکس،
آرچری، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، کرکٹ (ٹیپ بال)،ہاکی اور ٹیبل ٹینس شامل ہیں،بعض ایونٹس فلڈ لائٹس میں ہوں گے۔ڈپٹی کمشنر لاہور رافیعہ حیدر نے مزید کہا ہے کہ پنک گیمز میں خواتین کی معاشرتی ترقی کے حوالے سے رہنمائی بھی کی جائے گی، ان گیمز کے انعقاد کا مقصد نوجوان خواتین کے کردار کو ہر شعبہ زندگی میں اجاگر کرنا ہے،گرلز سٹوڈنٹس کو پنک گیمز کے انتظامی امورمیں شامل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پنک گیمز لاہور پہلا مرحلہ ہے، دوسرے مرحلے میں یوتھ آئیکون ایوارڈ کا انعقاد کیا جائے گا،خواتین کا فوٹو گرافی مقابلہ بھی پنک گیمز کا حصہ ہو گا۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنک گیمز لاہور 2023ء کا انعقاد خوش آئندہے،اس کے انعقاد کیلئے مکمل تعاون کریں گے، خواتین کیلئے صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے، پنک گیمزکا مقصد خواتین کو زیادہ سے زیادہ سپورٹس کی طرف لانا ہے، خواتین کھلاڑیوں کواس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے،پنک گیمز لاہور 2023ء سے خواتین کا نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر اور ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن بھی موجود تھے۔
اتھلیٹکس کے 8ایونٹس ہونگے جس میں فاتح ٹیم کو 5لاکھ اور رنراپ کو 3لاکھ روپے، آرچری کی فاتح ٹیم کو تین لاکھ اور رنر اپ کو دو لاکھ روپے، بیڈمنٹن کی فاتح ٹیم کو تین لاکھ اور رنر اپ کو دو لاکھ روپے، باسکٹ بال کی فاتح ٹیم 5لاکھ اور رنر اپ کو تین لاکھ روپے، کرکٹ ٹیپ بال کی فاتح ٹیم کو 3لاکھ اور رنر اپ کو دو لاکھ روپے، ہاکی کی ٹیم کو 7لاکھ اور رنر اپ کو 5لاکھ روپے، ٹیبل ٹینس کی فاتح ٹیم کو 3لاکھ اور رنر اپ کو دو لاکھ روپے کے نقد انعامات دیئے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button