لاہور ( خبر نگار) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام 28مئی کو مینار پاکستان ہونے والی تکبیر کانفرنس کی تیاریوں و انتظامت کے حوالے سے بدھ کے دن اہم اجلاس ہوا جس میں مرکزی عہدیداران سمیت انتظامی کمیٹیوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں جنرل سیکرٹری لاہور انجینئر حارث ڈار نے تکبیر کانفرنس کی تیاریوں و انتظامات سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ مینار پاکستان کے وسیع و عریض گرائونڈ میں ہونے والی کانفرنس میں لاکھوں افراد کی شرکت کے حوالے سے بھرپور انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلہ میں شہر بھر میں بڑی تعداد میں اشتہارات، بینرز اور ہورڈنگز لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور اور اس کے گردونواح میں تکبیر کانفرنس کے حوالے سے زبردست تشہیری مہم چلائی جارہی ہے۔ یوم تکبیر کے دن یہ پاکستان کا سب سے بڑا پروگرام ہو گا جس میں تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد شریک ہوں گے۔ اجلاس کے دوران پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے تکبیر کانفرنس کی تیاریوں و انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کانفرنس سے ملک میں اتحادویکجہتی کی فضا پیدا ہو گی اور ملکی سیاست پر اس کے ان شائ اللہ دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی مسلم لیگ ملک میں خدمت انسانیت کی سیاست کر رہی ہے۔ لوگوں کو ہر ممکن حد تک ریلیف پہنچانے کی کوشش کریں گے۔