تعلیمسٹیصحت

کے ای ایم یو کے زیر اہتمام "ری پروڈکٹیو ہیلتھ اینڈ ایس ٹی ڈیز” کے حوالے سے لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں اجلاس منعقد

لاہور(خبر نگار)
کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام "ری پروڈکٹیو ہیلتھ اینڈ ایس ٹی ڈیز” کے حوالے سے لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں کلینک کے قیام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اس موقع پر وائس چانسلر کے ای ایم یو پروفیسر محمود ایاز،ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کامران لاشاری اور ان کی ٹیم، ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر اتھارٹی لاہور سمن رائےنے اپنی ٹیم کے ہمراہ،سینئر سماجی کارکن زرقا شفقت، پروفیسر زہرہ خانم، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لیڈی ولنگڈن ہسپتال لاہور، اور قاسم امین ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی نے اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ تین بنیادی اصولوں پر مشتمل جدید طریقہ علاج اپنایا جائے تاکہ پاکستان میں سروائیکل کینسر کو مقامی اور قومی سطح سے ختم کیا جاسکے جو کہ ایچ پی وی ویکسینیشن، سروائیکل اسکریننگ اور علاج کے ذریعے سروائیکل کیسز جیسے مرض پر قابو پانا ہے۔ تولیدی عمر کی خواتین میں سروائیکل کینسر جیسی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ کو حفاظتی ٹیکوں کے ذریعے روک تھام کی حکمت عملی اور کینسر کے کیسز کی رجسٹریشن سے جدید ترین میکنزم اپناتے ہوئے اسکریننگ کے ذریعے کم سے کم کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ کہ سروائیکل کینسر کی اسکریننگ اور فوری طور پر بیماری کو کنٹرول کرنے کے لئےحفاظتی ٹیکوں کا آغاز کیا جائے۔اس بابت اہداف کے حصول کے لئے گریوا کینسر کی اسکریننگ اور علاج کے لیے منظم قومی پروگرامز نافذ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈی جی والڈ سٹی لاہور کامران لاشاری نے ان تمام تر تجاویز اور خیالات کا خیرمقدم کیا اور اس نیک مقصد میں اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی جبکہ ورکنگ گروپ کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تعینات عملے کی بھی حوصلہ افزائی کی۔
ڈی جی پاپولیشن ویلفیئر سمن رائے نے خواتین میں اس مہلک مرض کو ختم کرنے میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی مدد کرنے کے لئے والڈ سٹی اور لاہور شہر میں عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے اس مہم میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

لاہور کے والڈ سٹی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کام کرنے والی سب سے سینئر سماجی کارکنوں میں سے ایک زرقا شفقت نے والڈ سٹی میں پہلے سے قائم سماجی رابطہ پوائنٹس کے بارے میں شرکاء کو بتایا جہاں نوجوان لڑکیوں اور خواتین کو شرکت کے لیے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔

شرکاء نے وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز اور پروفیسر زہرہ خانم کے اس حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی اور اس طرح کی کوششوں کے لیے ہر ممکن تعاون کا وعدہ بھی کیا۔
وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز اور پروفیسر زہرہ خانم نے دو ہفتوں کے اندر لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں تمام شرکاء کے تعاون سے ایک سینٹرل کلینک قائم کرنے اور والڈ سٹی سے سینٹرل کلینک تک سماجی، آگاہی ریفرل سسٹم بنانے کی تین جہتی حکمت عملی شروع کرنے کا وعدہ کیا۔ مزید برآں لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے کلینک میں آئے تمام مریضوں کے وقار، احترام اور رازداری کو برقرار رکھنے کا عزم کیا گیا۔

اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز نے معزز مہمانوں کو اجلاس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مستقبل میں جنسی بیماریوں پر قابو پانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے۔
وائس چانسلر نے اجلاس کے شرکاء کو کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے تاریخی لائبریری ہال اور شعبہ ٹیلی میڈیسن کا دورہ بھی کروایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button