امیدواران جو سیاسی پارٹیوں کے ٹکٹ پر الیکشن نہیں لڑنا چاہتے وہ الیکٹورل گروپ کا اندراج کروائیں: صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب
لاہور(خبر نگار)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں ایسے امیدواران جو کسی سیاسی جماعت میں شمولیت حاصل کئے بغیر انتخاب لڑنا چاہتے ہیں، انکے لئے الیکٹورل گروپ کے اندراج کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022ء کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد جماعتی بنیادوں پر کیا جائیگا، چنانچہ ایسے متوقع امیدواران جو آزاد حیثیت میں بغیر کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں، انہیں الیکٹورل گروپ کا اندراج کروا کر گروپ کی صورت میں الیکشن میں حصہ لینا ہوگا۔ اس مقصد کیلئے الیکشن کمیشن نے الیکٹورل گروپ کے اندراج کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
الیکٹورل گروپ کے اندراج کے شیڈول کے مطابق 5جون 2023ء کو الیکٹورل گروپس کے اندراج کے لئے پبلک نوٹس جاری کیا جائے گا۔ 06 تا12جون تک الیکٹورل گروپ کے سربراہ یا انکے مجاز نمائندگان، فارم 1پر الیکشن کمیشن کے مجاز افسر کے پاس درخواست جمع کروا سکیں گے۔19 جون تک مجاز افسران فارم 1پر موصول ہوئی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد کسی کمی بیشی کی صورت میں درخواست متعلقہ الیکٹورل گروپ کے سربراہ کو واپس دیں گے۔ 26جون 2023ء تک الیکٹورل گروپ کے سربراہ یا انکے مجاز نمائندگان مجاز افسر کے پاس درستگی کے بعد ترمیم شدہ فارم 1دوبارہ جمع کروائیں گے۔ 27 جون تا 03 جولائی 2023ء تک مجاز افسران الیکٹورل گروپ کے اندراج کی تصدیقی سند فارم 3جاری کریں گے۔ درخواستوں کو منظور یا مسترد کرنے پر مجاز افسران کے فیصلوں کے خلاف اعتراضات و گزارشات دائر کرنے کی تاریخ 04 جولائی تا 10جولائی مقرر کی گئی ہے۔ ان گزارشات یا اعتراضات کی شنوائی الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ افسران کریں گے۔ 17جولائی تک ان اعتراضات و گزارشات پر فیصلے جاری کر دئیے جائیں گے اور الیکٹورل گروپس کے اندراج کا عمل مکمل کر دیا جائے گا۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے متوقع امیدواران کیلئے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایسے امیدواران جو کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کئے بغیر انتخابات لڑنا چاہتے ہیں انکے لئے لازم ہے کہ وہ جلد اپنے الیکٹورل گروپ کا اندراج کر وائیں اور انتخابات میں حصہ لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب میں پہلی بار انتخابات میں الیکٹور ل گروپس کا اندراج عمل میں لایا جائیگا، لہٰذہ عوام الناس بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لیں اور دوسروں کو آگاہ کریں۔