سٹیکھیل

پنجاب جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ کھلاڑیوں کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے، ڈاکٹر آصف طفیل

ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے باہمی تعاون سے پنجاب جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ کا افتتاح کیا

لاہور (خبر نگار) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے پنجاب جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2023 ء کا افتتاح اتوار کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم ہال میں کیا،اس موقع پر ڈائریکٹرسپورٹس ندیم قیصر، چیف سپورٹس کنسلٹنٹ سپورٹس بورڈ پنجاب محمد حفیظ بھٹی، پنجاب بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل طیب سہیل، سینئر بیڈمنٹن کوچ زرینہ وقار، ایڈمنسٹریٹر جمنازیم ہال مصطفی شاہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 4 روزہ پنجاب جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ نوجوان مرد اور خواتین کھلاڑیوں کے لیے اپنے کھیل کی مہارت کو اجاگر کرنے کے لیے موزوں پلیٹ فارم ہے، 4 روزہ پنجاب جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ ہماری ٹیلنٹ ہنٹ سکیم کا ایک حصہ ہے، اس چیمپئن شپ کے ٹاپ کھلاڑیوں کو آئندہ قومی جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ کی تیاری کے لیے جون کے اوائل میں شروع ہونے والے کیمپ میں مزید تربیت دی جائے گی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے بتایا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے باہمی تعاون سے 28 سے 31 مئی تک منعقد ہونے والی پنجاب جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کے 150 کے قریب لڑکے اور لڑکیاں حصہ لے رہے ہیں،سپورٹس بورڈ پنجاب تمام کھیلوں، خاص طور پر اولمپک کھیلوں پر خصوصی توجہ دے رہا ہے تاکہ بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کا ایک گروپ تیار کیا جا سکے۔

پنجاب بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور درجنوں مرد و خواتین کھلاڑیوں نے جمنازیم ہال پہنچنے پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل کا پرتپاک استقبال کیا کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ان کا تعارف کرایا گیا،کھلاڑیوں نے مہمان خصوصی کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button