511اڈے سربمہر،549 پر کاروبار تبدیل،ایک ہزار سے زائد علاجگاہوں کی نگرانی بھی شروع کر دی گئی
لاہور (خبر نگار) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا گذشتہ چار ہفتوں کے دوران صوبہ کے26اضلاع میں اتائیوں پر کر یک ڈاؤن،511 اڈے سربمہر کر دیے گئے۔ ڈیٹاکے مطابق کمیشن کی انفورسمنٹ ٹیموں نے 2,174مراکز پر چھاپے مارے،جن میں سے 549پر یاتونئے کاروبار شروع یاتبدیل کردیے گئے ہیں جبکہ 84پر مستندمعالجین نے مریضوں کا علاج معالجہ شروع کر دیا ہے۔مزید براں ایک ہزار سے زائدایسی علاجگاہوں کی نگرانی بھی شروع کر دی گئی ہے،جہاں پرچھاپوں کے وقت مستند معالجین موجود تھے مگر ڈیٹا کے مطابق انھیں اتائی چلا رہے تھے۔ سب سے زیادہ75اتائیت کے اڈے فیصل آباد میں سیل کیے گئے۔باقی ماندہ اضلاع جہاں پر اتائیوں کے کاروباربڑی تعداد میں سربمہر کیے گئے ان میں راولپنڈی37،ننکانہ صاحب36، پاکپتن30،گجرانوالہ29،سیالکوٹ 26،لاہور24،شیخوپورہ22اوراوکاڑہ میں 21شامل ہیں۔ واضح رہے کہ کمیشن نے اب تک ایک لاکھ57ہزارسے زائدمراکز پر چھاپے مار کر تقریباً44ہزار اتائیوں کے کاروبار بندکیے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈیٹا کے مطابق36ہزارکے قریب اتائیت کے اڈوں پر کاروبار تبدیل کر دیے گئے ہیں۔