لیسکو ساؤتھ سرکل میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز میاں حافظ محمد نعمان کی زیر صدارت کھلی کچہری

لاہور (خبر نگار)
چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز میاں حافظ محمد نعمان کی زیر صدارت گزشتہ روز ساؤتھ سرکل کے زیر اہتمام کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں مسلم لیگی رہنماخواجہ سلمان رفیق، ڈائریکٹر کسٹمر سروسز رائے اصغر، چیف انجینئر آپریشنز ویسٹ راجہ محمود،،کنسلٹنٹ پبلک ریلیشنز افشاں مدثر، ایس ای ساؤتھ عقیل ظفر سلہری اورسرکل کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ساؤتھ سرکل کے زیرانتظام ہونے والی اس کچہری میں سرکل کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے صارفین کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی۔چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز میاں حافظ محمد نعمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے وژن پر عمل درآمد کرتے ہوئے ہم نے تمام لیسکو ریجن میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کا بنیادی مقصد ہی یہی ہے کہ لیسکو انتظامیہ اور صارفین کے درمیان فاصلہ نہ رہے اور صارف جس وقت بھی چاہے لیسکو افسران کو اپنی شکایت درج کرواسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کچہریوں کے ذریعے سے ہم عام آدمی کے مسائل سے آگاہ ہو رہے ہیں ان حالات میں صارفین کو ریلیف دینا بہت ضروری ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس محکمہ کے باعث لوگوں کے گھر روشن اور کاروبار چل رہے ہیں یہی وجہ ہے لیسکو کا بورڈ محکمے کو مکمل سپورٹ کررہا ہے۔ نئے مٹیریل کی بھی خریداری کی جارہی ہے تاکہ صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ اس محکمہ کی کارکردگی کو بہتر کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔انہوں نے لیسکو افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ صارفین کے لئے آپ کے دفاتر کے دروازے ہمیشہ کھلے رہنے چاہیے۔چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کا کہنا تھا کہ اس محکمہ کی سروسز تمام ریجن کے لوگوں کے لئے ہیں اور لوگوں کے حقوق کا خیال رکھنا تمام لیسکو افسران پر لازم ہے۔حافظ میاں محمد نعمان اور کسٹمر سروسز ڈائریکٹرنے کچہری میں لوگوں کے مسائل سنے اور شکایات کے فوری ازالے کے لئے ہدایات جاری کیں۔







