
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر مزید 89 افسران اور اہلکاروں کو ترقی مل گئی
لاہور (خبرنگار، کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبے کی تمام رینجز اور اضلاع میں افسران اور اہلکاروں کی پروموشن کا عمل بلاتعطل جاری ہے اور اسی سلسلے میں مزید 89 افسران اور اہلکاروں کو قواعد و ضوابط کے مطابق ترقی دے دی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق 89 اہلکاروں کو سب انسپکٹر اور اے ایس آئی رینک پر ترقی دی گئی، ترقی پانے والوں میں 51 اے ایس آئیز اور 38 ہیڈ کانسٹیبل شامل ہیں، ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ پروموشن کے جاری اگلے مرحلے میں قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والے 07 ہزار اہلکاروں کو ترقی دی جا رہی ہے اور لاہور، ملتان، بہاولپور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے بعد سرگودھا میں پروموشنز مکمل کر لی گئیں،آئی جی پنجاب نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں دیگر اضلاع میں بھی میرٹ کے مطابق ترقی کے اہل افسران و اہلکاروں کو انکا حق دے دیا جائے گا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ترقی پانے والے افسران و اہلکاروں کو مبارک باد دیتے ہوئے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آئی جی پنجاب نے ترقی پانے والے افسران و اہلکاروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نئے عہدوں کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے پہلے سے زیادہ محنت و فرض شناسی سے فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے ملنے والی عزت افزائی، پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاس ہے لہذا عوام کی جان و مال کے تحفظ، انسداد جرائم اور خدمت خلق میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔







