جرم و سزاسٹی

سنٹرل پولیس آفس: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اجلاس،پولیس فورس کے ٹریننگ امور زیر غورآئے

تربیتی نصاب میں جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ آئی ٹی سکلز کا پورشن بڑھانے کا فیصلہ،

کرائم سین سے شہادتیں محفوظ کرنا،طریقہ تفتیش اور فارنزک سائنس کی جدت سے افسران کو ہم آہنگ کیا جائے، آئی جی پنجاب

لاہور (خبر نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پولیس فورس کے تربیتی نصاب کو ماڈرن پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور تربیتی نصاب میں آئی ٹی سکلز کا پورشن بڑھاتے ہوئے زیر تربیت افسران کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، ماڈرن پولیسنگ کی پریکٹیکل مہارتوں کی تربیتی ورکشاپس کروائی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ مستقبل آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کا ہے،جدید مہارتوں پر فوکس کرتے ہوئے ٹریننگ کو سپاہ کیلئے دلچسپ اور بامقصد بنایا جائے جو فیلڈ میں افسران کی عملی ڈیوٹی کے دوران کارآمد اور مفید ثابت ہوں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ کرائم سین سے شہادتوں کو محفوظ کرنا،طریقہ تفتیش اور فارنزک سائنس کی جدت سے افسران کو خصوصی طور پر ہم آہنگ کیا جائے اور تفتیش کے معیار کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے تمام ذرائع بروئے کار لائے جائیں،ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کی ٹریننگ کیلئے تجربہ کار سینئر پولیس افسران کے لیکچرز کا انعقاد کیا جائے جو اپنے تجربات کی روشنی میں انہیں فیلڈ چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے ہر ممکن راہنمائی فراہم کریں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ انسداد دہشت گردی اور شدت پسندی کے خطرات سے نبرد آزما ہونے کیلئے پولیس افسران کی تربیت کیلئے خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا جائے اور انہیں اس حوالے سے بہترین پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے تاکہ دہشت گردی کے خاتمے کا عمل مزید تیز ہوسکے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ عدالتوں میں حاضری کی تیاری کیلئے سینئر افسران زیر تربیت افسران کو خصوصی آگاہی و لیکچرز دیں تاکہ وہ مقدمات کے سلسلے میں بہتر طور پر تیار معزز عدالتوں میں پیش ہوں اور انہیں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں پولیس فورس کے ٹریننگ امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں لاہور سمیت پولیس کے تمام ٹریننگ کالجز میں زیر تربیت سب انسپکٹرز کے تربیتی نصاب کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ صوبے کے تمام ٹریننگ کالجز اور سکولز میں تعینات سٹاف کی ہیلتھ سکریننگ اور ویکسینیشن کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے،ٹریننگ سٹاف کی استعداد کار میں اضافے کیلئے اقدامات،کونسلنگ اور پروفائلنگ بھی کروائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ ٹریننگ کلچر کو اپ گریڈ کرتے ہوئے پولیس فورس کی جدید تقاضوں کے مطابق جدید پیشہ ورانہ تربیت محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے ٹریننگ نصاب کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ جدیدوسائل کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھاجائے گا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، ڈی آئی جی ٹریننگ منیر ضیا راؤ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون ذیشان اصغر، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس،ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی افضال احمد کوثر، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ-2 ڈاکٹر انعام وحید خان اور اے آئی جی ٹریننگ فیصل مختار نے شرکت کی جبکہ کمانڈنٹ ٹریننگ کالج سہالہ ڈی آئی جی اشفاق احمد خان نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button