
اسلام آباد میں آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ اور دیگر تاجروں نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران یکم جولائی کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا اور کہا کہ پریس کانفرنس میں ہمارے تمام مراکز کے تاجر موجود ہیں۔
حکومت نے بجلی کے بلوں کے حوالے سے ظلم کیا ہے، جس کے خلاف ہم یکم جولائی سے ملک گیر احتجاج کااعلان کرتے ہیں۔
صدر انجمن تاجران اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ 200 یونٹ کا بل کچھ اور اس سے زائد یونٹ کا بل اور ہے، آئی پی پییز (انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز) حکومتی بڑوں کی ہیں، ان کو ادائیگیاں ڈالرز میں ہو رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کو 48 ہزار میگا واٹ کی ادائیگیاں ہو رہی ہیں جبکہ ہماری ضرورت 20 ہزار میگاواٹ کے قریب ہے۔
اجمل بلوچ نے تاجران سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یکم جولائی کوملک بھر میں تاجر احتجاج کریں، احتجاج میں عوام بھی ہمارا ساتھ دیں،یکم جولائی کو ہرسطح پر اور ہر سڑک پر احتجاج ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظر ثانی کریں جو کہ بجٹ پر 2500 ارب روپے کا بوجھ ہیں۔







