
پی ڈی ایم ، پی ٹی آئی کی حکومتیں مہنگائی کنٹرول کرنے میں مکمل طورپرناکام ہو چکی ہیں
لاہور ( خبرنگار ) امیر جماعت اسلامی ضلع لاہور وسطی شعیب یعقوب مرزا نے کہا ہے کہ آج پوری قوم مہنگائی کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔پی ڈی ایم ، پی ٹی آئی کی حکومتیں مہنگائی کنٹرول کرنے میں مکمل طورپرناکام ہو چکی ہیں۔ ملکی مسائل کا حل صرف اور صرف اسلامی نظام کے نفاظ میں ہے جس کے لئے جماعت اسلامی جدوجہد کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہا انہوں نے گزشتہ روز دھرم پورہ میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور مقامی رہائیشیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جو مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔ شعیب یعقوب مرزا کا کہنا تھاکہ بر سرا قتدار آکر جماعت اسلامی پاکستان کو کرپشن فری پاکستان بنائے گی ، سودی معاشی نظام کا خاتمہ کرے گی ۔ سادگی کو اختیار کریں گے اور سادہ طرز حکمرانی سامنے لائیں گے ۔ سرکاری مراعات اورپروٹوکول پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہیں ، یہ سلسلہ ختم کیا جائے گا ۔پاکستان ایک غریب ملک ہے قومی خزانہ اس بات کی اجازت نہیں دیتا ہے اس پر سرکاری افسران کو مراعات دی جائیں۔100یونٹس بجلی ہر گھرانہ کو فری دی جائے گی ، کاشتکاروں کی آسانی کےلئے تمام وسائل بروے کار لائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت اور معاشرہ دونوں ہی اس بات کے متحمل نہیں ہو سکتے کہ افراتفری اور اضطراب کی کیفیت کو برقرار رکھا جائے ۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے درمیان سیاسی چپلقش کا خمیازہ ملک و قوم بھگت رہے ہیں۔ملک میں انتخابی اصلاحات کے ساتھ نئے مینڈیٹ لے کر آنے والی حکومت ہی بہتری کی امید لا سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آئین و قانون کے مطابق چلایا جائے ۔مرضی کے فیصلوں کو قبول کرنا اور مرضی کے خلاف آنے والے فیصلوں پر تنقید درست نہیں۔عہدے اور اختیارات قوم کی امانت ہیں ، جب تک با اثر افراد خود کو کسی قانون کا پابند نہیں بنائیں گے اس وقت تک حالات بہتر نہیں ہو سکتے ۔قومی خزانہ لوٹنے والوں کا محاسبہ کرنا ہو گا ۔







