پاکستانسٹیسیاست

نگراں وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب کے 10 اضلاع میں خسرہ سے بچاؤ کی خصوصی مہم شروع

مہم 24 جون تک جاری رہے گی، 15 لاکھ بچوں کو خسرے کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے ۔ ڈاکٹر جمال ناصر وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر

لاہور(خبر نگار) نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب کے 10 اضلاع میں خسرہ سے بچاؤکے لئے خصوصی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ نگراں وزیر پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے بچوں کو خسرے کے حفاظتی ٹیکے لگا کر مہم کا افتتاح کر دیا جو 24 جون تک جاری رہے گی ۔
اس موقع پر ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا کہا کہ اس خصوصی مہم کے دوران پنجاب کے 10 اضلاع کی 147 یونین کونسلوں میں چھ ماہ سے 5 سال تک عمر کے 15 لاکھ بچوں کو خسرے کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔اس کے علاوہ ان بچوں کو پولیو اور وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے ۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا کہ لاہور شہر کی 80 یونین کونسلوں میں بچوں کو خسرہ اور روبیلا کی ویکسین لگائی جائے گی۔ دیگر 9 اضلاع میں صرف خسرہ کی ویکسین لگائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ
راولپنڈی کی 42، جھنگ کی 12، حافظ آباد کی 3، نارووال، سیالکوٹ، قصور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی دو دو جبکہ گوجرانوالہ اور شیخوپورہ کی ایک ایک یونین کونسل میں بچوں کو خسرے کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے ۔
وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی درخواست پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن خصوصی مہم کے لئے تکنیکی اور آپریشنل معاونت فراہم کر رہا ہے
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں، ان کی صحت مند نشوونما ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔حکومت دو سال سے کم عمر بچوں کو 12 مہلک بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین مفت فراہم کر رہی ہے۔ بروقت حفاظتی ٹیکے نہ لگوانے والے والدین اپنی لاپرواہی سے بچوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ
والدین بچوں کو بروقت حفاظتی ٹیکوں کا کورس ضرور مکمل کروائیں۔مزید رہنمائی کے لئے والدین محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کی ہیلتھ لائن 1033 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button