سٹیسیاست

رواں سال 200سے زائد افراد کو مفت حج کروانے کی خبریں تشویشناک ہیں

وزارت مذہبی امور نے اپنی روایت کو برقرار رکھا اور قومی خزانہ کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے

ہر ادارے میں کرپشن کا راج، یہی وجہ ہے کہ عوام حکمرانوں پر سے اعتماد ختم ہو گیا ہے. امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری

لاہور(خبرنگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حاجیوں کے لئے کیے جانے والے انتظامات میں کرپشن کا انکشاف اور رواں سال 200سے زائد افراد کو مفت حج کروانے کی خبریں تشویشناک ہیں ۔ وزارت مذہبی امور نے ایک مرتبہ پھر اپنی روایت کو برقرار رکھا ہے ۔اس حوالے سے فوری تحقیقات کی جائیں اور ملوث افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے یہ اعلان کیا تھا کہ کسی کو بھی مفت حج نہیں کروایا جائے گا مگر اس کے برعکس حکمرانوں کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔ مفت حج کی صورت میں پاکستان کے قومی خزانہ کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ماضی میں بھی حج کرپشن سکینڈل میں ایک وفاقی وزیر کو سزا سنائی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حکومت نے حاجیوں سے پونے بارہ لاکھ روپے فی کس وصول کیامگر حاجیوں کو بے یار ومدد گار چھوڑ دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ میں کرپشن کا راج ہے ، کرپٹ عناصر بلاخوف و خطر رشوت خوری کرتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ جو جتنا بڑا چور ،لیٹرا اور کرپٹ ہے وہ اتنا ہی زیادہ اثرو رسوخ رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے حکومت، سول سوسائٹی اور نجی سیکٹر سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے مخلصانہ کاوشوں کی ضرورت ہے، جوکہ کرپٹ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے ممکن نہیں۔بدعنوانی سے نمٹے بغیر، پاکستان معاشی جمود، اندرونی خلفشار، سیاسی عدم استحکام اور عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کی عدم توجہی کا سامنا کرتا رہے گا۔

اس وقت پاکستان کو کمزور جمہوری نظام، حکومت میں بار بار تبدیلیوں اور سیاسی پولرائزیشن کی وجہ سے انگنت مسائل کا سامنا ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان میں غربت کی شرح بلند ہے، 40 فیصد سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔انہیں کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ مجموعی طور پر پاکستان میں تمام ادارے گورننس میں تنزلی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے عوام کا ان اداروں پر اعتماد ختم ہو چکا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button