ڈی جی سوشل ویلفیئر مدثر ریاض ملک اور سی ای او اور ایم ایس مئیو ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر ہارون حامد بھی موجود
لاہور (خبر نگار) نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال ڈاکٹر جاوید اکرم کی ہدایت پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر ظہور حسین نے مئیو ہسپتال کا دورہ کیا۔ سیکرٹری ظہور حسین نے 13 سالہ ایمن قدسیہ اور اس کی والدہ لبنہ شاہین سے ملاقات اور عیادت کی۔اس موقع پر ڈی جی سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال مدثر ریاض ملک اور سی ای او اور ایم ایس مئیو ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر ہارون حامد بھی موجود تھے۔ سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ظہور حسین نے اس موقع پر کہا کہ 13 سالہ معصوم بچی ایمن قدسیہ کی بحالی کیلئے مکمل کردار ادا کریں گے۔ ایمن قدسیہ کی تعلیم کیلئے انتظامات کریں گے۔ سنگ دل باپ نے 13 سالہ ایمن قدسیہ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ حکومت کی ہدایات کے مطابق متاثرہ خاندان کی مکمل نگہداشت اور بحالی کا بندوبست کیا جائے گا۔