آئی جی پنجاب کا ملاقات کے دوران آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان سے ٹیلی فونک رابطہ، 24 گھنٹوں میں پراگریس رپورٹ طلب
لاہور (خبر نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب اور لاہور کے تمام چپٹرز کے صدور پر مشتمل وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ ڈپٹی سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ عابد گھرکی، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر، اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی بھی موقع پر موجود تھے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ضلع جھنگ کے علاقہ وریام کی حدود میں گذشتہ دنوں اغوا اور قتل ہونے والے ڈاکٹر محمد عمر رفیق کی تفتیش بارے گفتگو کی،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وفد کو ڈاکٹر عمر کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ مقتول ڈاکٹر کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں،انصاف کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا،آئی جی پنجاب کا وفد سے ملاقات کے دوران آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان سے ٹیلی فونک رابطہ، آر پی او فیصل آباد کو اس معاملے میں ایس ایچ او سمیت مقامی پولیس ریسپانس کے حوالے سے مکمل انکوائری کرنے کا حکم دیا،آئی جی پنجاب نے آر پی او فیصل آباداور ڈی پی او جھنگ کو فوری طور پر مقتول ڈاکٹر کے اہل خانہ سے رابطے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آر پی او فیصل آباد، ڈی پی او جھنگ فوری طور پر مقتول ڈاکٹر کے اہل خانہ سے ملاقات کریں، مقتول ڈاکٹر کی بیوہ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ آر پی او فیصل آباد کیس کے حوالے سے اگلے 24 گھنٹوں میں پراگریس رپورٹ پیش کریں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ مقامی پولیس کی طرف سے کیس کے حوالے سے کوئی بھی کوتاہی ثابت ہونے پر ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اورمقتول ڈاکٹر کی فیملی کو انصاف کی فی الفور فراہمی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔