پاکستانسٹیکاروبار

خواتین کو بااختیار بنانے سے تیز رفتار معاشی ترقی یقینی بنائی جاسکتی ہے: کاشف انور

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا، وسائل کی مساوی تقسیم اور افرادی قوت میں اضافہ ملک کی معاشی تقدیر بدل سکتا ہے۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ہمیشہ خواتین تاجروں کے فروغ کے لیے ایک قدم آگے رہا ہے اور اپنی یہ انتھک کوششیں جاری رکھے گا۔ دریں اثنائ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے لاہور چیمبر میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جس کے مہمان خصوصی صدر لاہور چیمبر کاشف انور تھے جبکہ سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، کنوینر سٹینڈنگ کمیٹی برائے وومن ایمپاورمنٹ اور ایگزیکٹو کمیٹی رکن فریحہ یونس، آمنہ وہاج، کیپٹن (ر) سائرہ فضل اور ایڈیشنل آئی جی (ر) پنجاب شہزادی گلفام نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وومن انٹرپنیورز کی جانب سے تیار کردہ مصنوعات کی نمائش بھی لگائی گئی۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ یہ تقریب لاہور چیمبر کی ان کاوشوں کا حصہ ہے جو وہ خواتین کو معاشی دھارے کا حصہ بنانے کے لیے کررہا ہے، لاہور چیمبر کاروباری شعبے سے وابستہ خواتین کو درپیش مسائل اجاگر کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک خواتین اپنی خداداد صلاحتیں بروئے کار نہ لائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، ملک کا پریمیئر چیمبر ہونے کے ناطے لاہور چیمبر خواتین کو بااختیار بنانے اور کپیسٹی بلڈنگ کے لیے سرگرم عمل ہے، لاہور چیمبر میں تقریب دو ہزار خواتین ممبران ہیں جن کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے لاﺅنج اور ڈسپلے سنٹر قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبرخواتین کو ایمازون اور علی بابا جیسے کامیاب ای کامرس پلیٹ فارمز کے بارے میں آگاہی اور تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں لاہور چیمبر نے ایوان صدر اسلام آباد میں وومن انٹرپنیورز ریکگنشن تقریب منعقد کی ۔ کاشف انور نے لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی رکن فریحہ یونس کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اس تقریب کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button