ویمن ریسورس سینٹر خواتین سرمایہ کاروں کی بزنس سکل بڑھانے کے لئے شاندار کام کر رہا ہے، حکومت ادارے کو مکمل سپورٹ فراہم کرے گی، صوبائی وزیر صنعت و تجارت
لاہور (کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ایم ایم عالم روڑ پر ویمن ریسورس سینٹر کا دورہ کیا اور خواتین سرمایہ کاروں کو بزنس سکل بڑھانے کے حوالے سے دی جانے والی تربیت کا جائزہ لیا. صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے خواتین سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین انڈسٹری لگانا چاہیں تو سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں 8سال کی لیز پر زمین فراہم کی جا سکتی ہے،خواتین سرمایہ کاروں کو مزید سہولتوں کی فراہمی کے لئے انڈسٹریل پالیسی میں تبدیلی کیلئے تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ مصنوعات کی نمائش کے لئے پیسک ہاؤس میں ڈسپلے سینئر بناکر دیں گے، خواتین سرمایہ کار پنجاب روزگار سکیم سے فائدہ اٹھائیں، انہوں نے کہا کہ خواتین سرمایہ کاروں کیلئے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں علیحدہ کاؤنٹر بھی بنایا جائے گا، صوبائی وزیر نے بتایا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے پنجاب کے مختلف شہروں میں 6بزنس فسیلیٹیشن سینٹر بنائے گئے ہیں جبکہ مزید چار شہروں میں بزنس فسیلیٹیشن سینٹر بنائے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کسی بھی بزنس کے فروغ کیلئے ٹریننگ ضروری ہے، ویمن ریسورس سینٹر بہترین کام کر رہا ہے، حکومت ادارے کو مکمل تعاون فراہم کرے گی، تربیت حاصل کرنے والی خواتین سرمایہ کاروں کا کہنا تھا کہ ویمن ریسورس سینٹر کی تربیت نے ہمیں کاروبار کا ڈھنگ سکھایا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ
خواتین سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ویمن ہب ہونا چاہیئے. پراجیکٹ ڈائریکٹر نے ادارے کے تربیتی عمل بارے تفصیلی بریفنگ دی، مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن سدرہ یونس،ڈاکٹر شہلا اور خواتین سرمایہ کار اس موقع پر موجود تھیں.