
لاہور ( کامرس رپورٹر )لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے خواتین کی صحت کے لیے سرویکل اسکریننگ کی اہمیت پر ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیاجس میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، پروفیسر ڈاکٹر زونا سعید، ڈاکٹر روحی سعید، پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید، لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن فریحہ یونس، شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے ماہرین، تاجر برادری کے رہنماو¿ں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد ن شرکت کی۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور نے سرویکل اسکریننگ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سرویکل کینسر کو روکنے میں مدد ملتی ہے جو عالمی سطح پر بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کا بنیادی مقصد ٹیکس، تجارت، صنعت اور معیشت کے مسائل پر بات کرنا ہے لیکن یہ فلاحی شعبہ میں بھی فعال ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے بہت سے اقدامات اٹھارہا ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر نے خواتین کاروباری افراد کے لیے ویمنز بزنس لاو¿نج قائم کیا ہے جبکہ خواتین کی بہترین خدمات کا اعتراف کرنے کے لیے پہلی مرتبہ ایوارڈز کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی بڑھانے اور خصوصی افراد کے لیے لاہور چیمبر کی کاوشوں پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے مختلف ہسپتالوں کے ساتھ متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں تاکہ لاہور چیمبر آئی کے اراکین کو رعایتی نرخوں پر صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔لاہور چیمبر کے صدر نے کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کے لیے لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی رکن فریحہ یونس کی کاوشوں کو سراہا۔ کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر خواتین میں ان کی صحت کے حوالے سے شعور و آگاہی بڑھانے کے لیے انتھک اقدامات اٹھارہاہے۔ سیشن میں نامور طبی ماہرین نے سرویکل اسکریننگ کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ماہرین نے جدید اسکریننگ تکنیکوں، ابتدائی تشخیص کی اہمیت اور خواتین کو سرویکل کینسر کے خطرے کو کم کرنے کے لیے اٹھائے جانے والے احتیاطی اقدامات پر اظہار خیال کیا۔ ڈاکٹر روحی سعید نے کہا کہ باقاعدہ سرویکل اسکریننگ قبل از کینسر کی تبدیلیوں کو جلدی شناخت کر سکتی ہے، جو سرویکل کینسر کو روک سکتی ہے اور فوری علاج کے ذریعے انسانی جانیں بچا سکتی ہے۔ خواتین کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ اسکریننگ کی سفارشات پر عمل کریں۔اس موقع پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔