پاکستانتازہ ترینسیاست

عمران کو نکال کر حکومت و فوج میں سازش ختم ہوگئی، عدلیہ میں جاری: بلاول بھٹو زرداری

سازش کامیاب ہوجاتی تو سلیکٹڈ وزیراعظم، سلیکٹڈ چیف جسٹس اور سلیکٹڈ آرمی چیف ہوگا

اسلام آباد: چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں سیلیکٹڈ آرمی چیف، چیف جسٹس اور وزیراعظم لانے کا منصوبہ تھا۔

قومی اسمبلی میں دستور پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہر پاکستانی کیلئے آج کا دن اہم ہے، اس دن ملک کے متفقہ آئین کی بنیاد رکھی گئی، ہم نے مسائل اور آمریت کا مقابلہ کیا، پاکستان اگر اکھٹا ہے تو وہ آئین ہی زنجیر ہے جو اس کو جوڑتی ہے، یہ دن ہمارے تعلیمی نصاب میں ہونا چاہئے، آنیوالی نسلوں کو اس دن کا بتانا چاہئے، یہ دن خوشی اور جمہور کی فتح کا دن ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آمریت سے فائدہ اٹھانے والا ہر شخص آج بھی ایک ہی جگہ جمع ہے، 2006ء میں پی پی اور ن لیگ کی قیادت نے چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کئے، 2011ء سے سلیکٹڈ تماشہ ہمارے سامنے کھڑا کیا گیا، انہوں نے جمہوریت کیخلاف ایک سازش شروع کی، 2013ء میں پُرامن طریقے سے اقتدار کی منتقلی ہوئی، سیاسی استحکام ملا تھا تو ہی معاشی استحکام بھی آیا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کی وجہ سے ایک سلیکٹڈ وزیراعظم کی سازش ناکام بنادی گئی، خواجہ آصف کے زیر انتظام ادارے میں بھی کسی کو مسلط کرنا تھا، سازش کامیاب ہوتی تو یہاں سلیکٹڈ وزیراعظم، سلیکٹڈ چیف جسٹس اور سلیکٹڈ آرمی چیف ہوتا، سازش یہ ہے کہ آئین کو پھاڑنا اور اسی ڈاکٹرائن کو ملک پر مسلط کرنا ہے، ہم سب نے مل کر اس سازش کو ناکام بنانا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت آئینی بحران چل رہا ہے، 4 ججوں کا فیصلہ ریکارڈ پر ہے، چیف جسٹس اور دیگر ججز اقلیتی فیصلہ اکثریت میں ثابت کرنا چاہتے ہیں، وہ کہہ رہے ہیں 2 ججز کے نوٹ کو نظر انداز کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button