نادرا کے تعاون سے شہری گھر بیٹھے موبائل ایپ کے ذریعے برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے- وزیر بلدیات
لاہور(خبر نگار)وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے کہا ہے کہ نگراں حکومت مختصر وقت میں دیرپا اصلاحات کرنے کے لئے کوشاں ہے تاکہ عام لوگوں کی مشکلات میں کمی اور ان کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے-
گزشتہ روزایک اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات شہریوں کو ان کی دہلیز پر خدمات مہیا کرتا ہے،اسے ٹیکنالوجی کے اعتبار سے جدید ترین محکمہ بنانے کی ضرورت ہے، اس مقصد کے لئے فاسٹ ٹریک ڈیجیٹائزیشن کر نے کے لئے ضروری اقدامات کر رہے ہیں- انہوں نے بتایا کہ نادرا کے اشتراک سے برتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی- شہری گھر بیٹھے موبائل ایپ کے ذریعے ضروری دستاویزات سکین اور مطلوبہ فیس جمع کرواکر برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے-