کمشنر لاہورمحمد علی رندھاوا کی ہدایت پر شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری
بلڈنگ پلان میں منظور شدہ پارکنگ کی جگہ پر پارکنگ ہی بنانا ہو گی۔کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا
ڈاکٹر ہسپتال سے جی ون مارکیٹ اور ایکسپو سنٹر تک پارکنگ کی جگہ سے تجاوزات ہٹادیں گئیں،11 املاک سیل
لاہور( خبرنگار)کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ایل ڈی اے ٹیموں نے جوہر ٹاؤن میں ڈاکٹر ہسپتال سے جی ون مارکیٹ اور ایکسپو سنٹر تک آپریشن کرکے پارکنگ کی جگہ سے تجاوزات ہٹادیں اور متعدد املاک سیل کر دیں۔کمشنر لاہور نے عید سے قبل پارکنگ کے لیے مختص جگہ سے تجاوزات ہٹانے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ ڈیڈ لائن ختم ہونے پر ایل ڈی اے نے شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔ آپریشن کے دوسرے روز ایل ڈی اے کے عملے نے مین بلیوارڈ جی ون میں پارکنگ کی جگہ پر تجاوزات بنانے پر 11 املاک سر بمہر کر دیں۔مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن پر قائم معروف برینڈز کی پارکنگ کی جگہ پر قائم تجاوزات ہٹا دی گئیں۔سیل کی جانے والی عمارتوں میں معروف برینڈز، شاپنگ مالز، ریستوران اور سٹورز شامل ہیں۔کمشنر لاہور و ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ پارکنگ ایریاز پر تجاوزات کے خلاف شہر بھر میں کارروائیاں جاری رہیں گی۔ آپریشن کا مقصد تصحیحی اقدامات کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلڈنگ پلان میں منظور شدہ پارکنگ کی جگہ پر پارکنگ ہی بنانا ہو گی۔ کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ایم سی ایل، ایل ڈی اے، ٹیپا اور ضلعی انتظامیہ آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔