سٹی

نگراں وزیر بلدیات نے پنجاب میں 10 ہزار رضاکاروں کی رجسٹریشن کا اعلان کر دیا،بلدیاتی اداروں کی معاونت کریں گے

رجسٹریشن کے لئے گوگل پر لنک جاری کر دیا گیا، نوجوان ترقی اور تبدیلی کے لئے عملی کردار ادا کریں- ابراہیم مراد

لاہور (خبر نگار)نگران وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے کہا ہے کہ نوجوان آگے آئیں اور اپنا ضلع آپ سنواریں۔ مقامی مسائل موقع پر ہی حل کرنے کے لئے پنجاب بھر میں 10 ہزار نوجوان رضاکاروں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے-یہ رضاکار مقامی مسائل حل کرنے کے لئے اپنی بلدیہ کی معاونت کریں گے۔ رضاکاروں کی رجسٹریشن ہر ضلع میں کی جائے گی۔اس مقصد کے لئے گوگل پر لنک جاری کر دیا گیا ہے-
ابراہیم مراد نے کہا کہ ” اب بلدیہ آپ کی ” ویژن کے تحت یہ پنجاب کی تاریخ میں رضاکاروں کی رجسٹریشن کا سب سے بڑا پروگرام ہے- ایک ہزار رضاکار پہلے ہی رجسٹریشن کروا چکے ہیں- انہوں نے بتا یا کہ پروگرام میں شامل ہونے والے رضاکار اپنے علاقوں کی صفائی یقینی بنانے کے لئے معاونت کریں گے۔ بلدیاتی اداروں کی طرف سے مہیا کی جانے والی صحت کی سہولتوں کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ اپنے علاقوں کی خوبصورتی اور پودے وغیرہ لگانے کے لئے کام کریں گے۔ یہ رضاکار اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے بھی کوششیں کریں گے اور مقامی طور پر کھیلوں کے مقابلے ، ثقافتی پروگرام اور تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد کریں گے۔ پروگرام میں شامل ہونے والے رضاکاروں کی خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں تجربے کا سرٹیفکیٹ ، تعریفی سند اور اظہار تشکر کی دستاویزات پیش کی جائیں گی۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ نوجوان آگے بڑھیں اور ترقی اور تبدیلی کے لئے عملی طور پر اپنا کردار ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button