وظائف اگلے ماہ سے کھلاڑیوں کو دیئے جائیں گے جن کی ملازمت نہیں ہے، کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے کمیٹی قائم کی تھی، وہاب ریاض
لاہور (خبر نگار) مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونے والی رمضان المبارک سپورٹس سیریز ہاکی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے 20کھلاڑیوں کو ایک سال کیلئے ماہانہ وظائف دینے کا اعلان کیا ہے،یہ اعلان انہوں نے منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن بھی موجود تھے، مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے مزید کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو اگلے ماہ سے ماہانہ وظیفہ 20ہزار روپے دیئے جائیں گے، وظائف ان کھلاڑیوں کو دیئے جارہے ہیں جن کی ملازمت نہیں ہے،وظائف کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کے لئے کمیٹی بنائی گئی تھی،کمیٹی نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کاجا ئزہ لے کر 20نام منتخب کئے ہیں،مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کہا ہے کہ وظائف دینے کے بعد اگر یہ بات سامنے آئی کہ کسی کھلاڑی کی ملازمت ہے تو وظیفہ منسوخ کردیا جائیگا، کھلاڑیوں کے وظائف میں اضافہ بھی کیا جائے گا،تاریخ میں پہلی بار ایسا اقدام اٹھایا گیا ہے تاکہ کھلاڑی دلجمعی سے ہاکی پر توجہ دیں،وظائف دینے سے ہاکی میں نوجوانوں کی دلچسپی بڑھے گی،انہوں نے کہا کہ 300اتھلیٹس کو ان کے شہروں میں موجود سہولیات سے استفادہ کرنے کیلئے اخراجات دینے کا پروگرام بنانے جارہے ہیں اورفری میڈیکل کی سہولت فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھا رہے ہیں،
نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کیلئے ہر دوماہ بعد سپورٹس کا بڑا ایونٹ منعقد کرایا جائیگا، مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعلی پنجاب سید محسن نقوی نے رمضان سپورٹس سیریز ہاکی چیمپئن شپ کے بہترین کھلاڑیوں کو وظائف دینے کا اعلان کیا تھا،وظائف حاصل کرنیوالوں میں منیب، اویس، رانا سہیل، غضنفر، عبدالمنان، سمیع اللہ،حمزہ،سعد شفیق، عمر گجر، خلیل حماد، سکندر علی ذاکر، احمد، ارسل، شمعون، زوہیب، علی رضا، محمد عبداللہ، علی رضا، رانا شعیب، محمد سراج شامل ہیں۔