
لاہور (خبر نگار) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف جمعہ کو یوم تقدیس قرآن منانے کے علان کی تائید کرتے ہیں۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سویڈن کے سفیر کو فی الفور ملک بدر کیا جائے اور پوری دنیا کو پیغام دیا جائے کہ پاکستان سمیت ساری امت مسلمہ قرآن مجید کو اپنی ریڈ لائن سمجھتی ہے۔ پاکستان سمیت او آئی سی کے تمام ممالک کو اقوام متحدہ سے مطالبہ کرکے اس سلسلے میں قانون سازی کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔ سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کا سانحہ فرد واحد کا مسئلہ نہیں بلکہ یورپی یونین کے ذہن کی عکاسی کرتا ہے، آزادی اظہار کی آڑ میں 2 ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا ایک سوچی سمجھی اور گھناؤنی سازش ہے۔یورپ میں بڑھتے ہوئے اسلام فوبیا کے باعث سویڈن میں قرآن مجید کو نظر آتش کرنا اس سال اسلام دشمنی کا دوسرا بڑا سانحہ ہے۔جس سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ اس گھناؤنی حرکت میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا دے کر انہیں کیفرِ کردار تک پہنچانا چاہیے۔






