
صحت اللہ پاک کی ایک انمول نعمت ہے،ہمیں ایک صحت مندزندگی گزارنے کیلئے صحت مندلائف سٹائل اپنانا چاہئے. سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرزکی فٹنس کیلئے جمنیزیم جیسے اقدامات خوش آئندہیں۔ڈاکٹر جاویداکرم
لاہور(خبر نگار) نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے جنرل ہسپتال میں انتہائی خوبصورت جمنیزیم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج اور جنرل ہسپتال پروفیسرڈاکٹرسردارظفرالفرید،ایگزیکٹوڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزپروفیسرڈاکٹرآصف بشیر،فیکلٹی ممبران اور وائی ڈی اے کے نمائندگان بھی موجودتھے۔نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم اور پرنسپل ڈاکٹرسردارظفرالفرید نے جمنیزیم میں ہرمشین پر خود ورزش کرکے معیارکامعائنہ کیا۔ٹرینرنے جمنیزیم میں مختلف مشینوں بارے نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم کوبریفنگ دی۔
نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ مریضوں کاخیال رکھنے والے ڈاکٹرزکواپنی صحت کابھی خیال رکھناچاہئے۔عام آدمی ایک ڈاکٹرکو صحت منددیکھنے کا خواہش مندہوتاہے۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ صحت اللہ پاک کی ایک انمول نعمت ہے۔ہمیں ایک صحت مندزندگی گزارنے کیلئے صحت مندلائف سٹائل اپناناچاہئے۔صبح کی سیریاورزش کرنے والے افرادایک صحت مندزندگی گزارتے ہیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم نے مزیدکہاکہ جنرل ہسپتال کے جمنیزیم میں ورزش کیلئے جدیدمشینیں مہیاکی گئی ہیں۔

پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں جمنیزیم کھولنے کیلئے اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرزکی فٹنس کیلئے جمنیزیم جیسے اقدامات خوش آئندہیں۔جنرل ہسپتال میں مرداورخاتون ڈاکٹرزکیلئے جمنیزیم کے اوقات کار الگ الگ رکھے جائیں گے۔نگران صوبائی وزیرصحت نے جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرزکی فٹنس کو یقینی بنانے کیلئے انتہائی بہترین جمنیزیم کے آغازپرپرنسپل ڈاکٹرسردارظفرالفریداور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔







