
پلاٹس حاصل کرنے والوں میں فیصل آباد کے 23، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 04 اور چنیوٹ کے 04 شہداء کے ورثاء شامل۔انڈوومنٹ فنڈ سے پلاٹس پر گھروں کی تعمیر بھی جاری، تعمیری اخراجات کیلئے 25 لاکھ روپے ماہانہ اقساط میں دئیے جارہے ہیں۔ آئی جی پنجاب
لاہور (خبر نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کے تمام شہداء کے اہل خانہ کیلئے گھروں کا انتظام کیا جارہا ہے جس کے تسلسل میں فیصل آباد ریجن کے 31شہداء کی فیملیز کو گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس فراہم کر دئیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ فروری 2017سے بعد کے پولیس شہداء کی فیملیز کو حکومت کی جانب سے گھر فراہم کیے جار ہے ہیں تاہم 2017سے قبل کے سینکڑوں پولیس شہداء کی فیملیز کیلئے پولیس اپنے وسائل اور مخیر و نیک افراد کے تعاون سے پلاٹس فراہمی کا انتظام کررہی ہے اور اس اہم فریضے کو بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں فیصل آباد ریجن کے شہداء کی فیملیز کو پلاٹس فراہم کرنے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں 2017 سے قبل کے مزید 31 پولیس شہدا کی فیملیز کو گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس فراہم کردئیے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فیصل آباد ریجن کے 31 شہدا کے اہل خانہ کو پلاٹس کے ملکیتی کاغذات دئیے۔پلاٹس حاصل کرنے والوں میں فیصل آباد کے 23، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 04 اور چنیوٹ کے 04 شہداء کے ورثاء شامل۔آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان، سی پی او فیصل آباد عثمان اکرم گوندل،ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ سید کرار حسین اور ڈی پی او چنیوٹ عبداللہ احمد نے تقریب میں شرکت کی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آرپی اوز اور ڈی پی اوز کو 2017 سے قبل کے تمام شہدا کے اہل خانہ کے گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس کا بندوبست جلد مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ جن شہداء کی فیملیز کے پاس ذاتی گھر نہیں، پہلے مرحلے میں ان کیلئے گھروں اور پلاٹس کا انتظام کیا جائے۔ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ اب تک 2017 سے قبل کے شہدا کی فیملیز میں سے 526 پلاٹس کی فراہمی کا انتظام کیا جا چکا ہے، پولیس کے انڈوومنٹ فنڈ سے پلاٹس پر گھروں کی تعمیر بھی جاری ہے اور ہر فیملی کو تعمیری اخراجات کیلئے مجموعی طورپر 25 لاکھ روپے،ماہانہ05لاکھ روپے قسط میں دئیے جارہے ہیں اور باقی تعمیری اخراجات میں متعلقہ آرپی اوز اور ڈی پی اوز معاونت کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے شہداء کی قربانیوں کو لازوال خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ سال رواں میں اب تک 12 پولیس جوان جام شہادت نوش کر چکے ہیں جبکہ 110 اہلکار دوران ڈیوٹی گولیاں لگنے سے غازی ہوئے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ کوئی پلاٹ یا گھر انسانی جان کا نعم البدل نہیں، اس اقدام سے شہداء کی فیملیز کی مشکلات میں کمی آئے گی اور انہیں ذاتی چھت میسر آئے گی۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا اور اے آئی جی ویلفیئر نوید اجمل سمیت دیگر افسران نے بھی خطاب کیا۔







