
شہریوں کے مسائل کا ازالہ اولین ترجیحات میں شامل، ترجیحی اقدامات میں تیزی لائی جائے۔ آئی جی پنجاب کی افسران کو ہدایت۔ فرائض کی انجام دہی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب افسران و اہلکاروں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور
لاہور (خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاجس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں اور پولیس ملازمین کے مسائل سن کر ریلیف بارے احکامات جاری کئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کی درخواستوں پر متعلقہ سپروائزری افسران سے رپورٹ طلب کی اور ڈی پی اوز کو اپنی نگرانی میں انکوائری کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ شہریوں کے مسائل کا ازالہ اولین ترجیحات میں شامل ہے لہذا تمام سپروائزری افسران شہریوں کی درخواستوں پر ترجیحی اقدامات میں تیزی لائیں۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ فرائض کی انجام دہی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب افسران و اہلکاروں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔
آئی جی پنجاب نے کھلی کچہری میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی پیش کردہ درخواستیں بھی سنیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کی درخواستوں پر ایڈمن، ڈسپلن اور ویلفیئر برانچ کو میرٹ کے مطابق فوری ریلیف کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ پنشن، جزا و سزا اور رخصت سمیت دیگر درخواستوں کو میرٹ کے مطابق جلد از جلد نمٹایا جائے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہیلتھ ویلفیئر سے متعلقہ درخواستوں کو افسران ذاتی نگرانی میں جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔







