
انعامات حاصل کرنے والوں میں انسپکٹر سے کانسٹیبل رینک کے پولیس ملازمین شامل تھے۔
ریٹائرڈ ایس پی فرحت عباس کے قاتل کو گرفتار کرنے والی سی آئی اے ٹیم کو کیش انعام اور تعریفی اسناد سے نوازا۔
دیگر افسران و اہلکاروں نے ڈکیتی، قتل، اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین وارداتوں کے ملزموں کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔
شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ اور خدمت کیلئے درد ِدل، خلوصِ نیت اور جذبہ جہا دکے تحت کام کریں۔ آئی جی پنجاب
یتیموں، بیواؤں اور کمزوروں کی جان وما ل اور عزت پر حملہ آور ہونے والے ظالموں کے سامنے دیوار بن جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور
لاہور(خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ اور خدمت کیلئے درد ِدل، خلوصِ نیت اور جذبہ جہا دکے تحت فرائض ادا کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ مظلوموں، یتیموں، بیواؤں اور کمزوروں کی جان و مال اور عزت پر حملہ آور ہونے والے ظالموں کے سامنے دیوار بن جائیں اور ایسے سنگ دل سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی یقینی بناتے ہوئے قرار واقعی سزا دلوانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ تھانہ میں آنے والے ہر شخص کا مسئلہ خوش اخلاقی اور توجہ کے ساتھ سنیں اور سول نوعیت کے معاملات پرمتاثرین کا کسی ہمدرد وکیل سے رابطہ کروائیں تاکہ اس کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ مشکلات اور جرائم کے شکار شہریوں کو مدد، تعاون اور راہنمائی فراہم کریں کیونکہ اپنے اختیارات سے شہریوں کے مسائل کا ازالہ کر کے ہم دنیا کے ساتھ ساتھ اپنی آخرت سنوار سکتے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں میں مرحلہ وار آٹھ کروڑ کے انعامات تقسیم کئے جارہے ہیں اور جو بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا اسکی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے ان خیالات کا اظہار سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں لاہور پولیس کے بہترین کارکردگی کے حامل افسران وا ہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور پولیس کے 56 افسران واہلکاروں میں قریباً 11لاکھ کے انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ان ٹیموں میں سی آئی اے، انویسٹی گیشن سمیت دیگر شعبوں میں خدمات سر انجام دینے والے افسران و اہلکار شامل تھے، انسپکٹرز کو 30، سب انسپکٹرز کو25،اے ایس آئیز کو20، ہیڈ کانسٹیبل کو15جبکہ کانسٹیبل کو 10ہزار فی کس معہ تعریفی اسناد دی گئیں۔آئی جی پنجاب نے لاہور میں ریٹائرڈ ایس پی فرحت عباس کے قاتل کو گرفتار کرنے والی سی آئی اے ٹیم کو کیش انعام اور تعریفی اسناد سے نوازا،

دیگر افسران و اہلکاروں نے ڈکیتی، قتل، اغواء سمیت دیگر سنگین وارداتوں کے ملزموں کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔ڈاکٹر عثمان انور نے انعام پانے والے افسران واہلکاروں کو پہلے سے زیادہ محنت اور دلجمعی کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کے احکامات دئیے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید، اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر اور اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔







