
لاہور (خبر نگار)
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو) کے چیف ایگزیکٹوانجینئر شاہد حیدر کی خصوصی ہدایات پرایس ای قصور اصغر سکھیرا کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف سرچ آپریشن کیا گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ پکڑے جانیوالے 11 افراد ڈائریکٹ سپلائی سے، 2افراد مین کیبل سے جبکہ 9 افراد ایل ٹی لائن کیبل سے بجلی چوری کر رہے تھے۔بجلی چوری کرنے والے افراد کے کنکشن منقطع کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے ایس ای قصور اصغر سکھیرا اور فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیسکو میں بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لئے ٹاسک فورس اور لیسکو آپریشن اور سرویلنس ٹیموں کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف مہم کے ساتھ ساتھ ڈیڈ ڈیفالٹرز سے واجب الادا رقوم کی وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور لیسکو بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لئے پوری طرح سے سرگرم عمل ہے۔







