
یونیورسٹی کے اعلیٰ تعلیمی و تحقیقی بورڈ کا اجلاس، تھیسز رپورٹس اور تحقیقی خاکہ جات کا جائزہ
لاہور(خبر نگار) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے اعلیٰ تعلیمی و تحقیقی بورڈ کا 189واں اجلاس جمعرات کے روز وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور کی صدارت میں ہوا جس میں پی ایچ ڈی، ایم فل اور ایم ایس سی میں داخلے کیلئے پوسٹ گریجوایٹ انٹری ٹیسٹ جولائی میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان پروگرامز کیلئے کلاسز کا آغاز ستمبر میں ہوگا جب کہ ڈگری ہر صورت مقررہ وقت میں مکمل کروائی جائیگی۔ بورڈ نے ہیلتھ پروفیشنلز، طلبہ، سپروائزرز کی تربیت کیلئے پروفیشنل سکلز ڈویلپمنٹ سینٹر کے قیام کی منظوری دی گئی جو پیشہ وارانہ تربیت کی ورکشاپس کا انعقاد کریگا۔ سینٹر یو ایچ ایس کے شعبہ خصوصی اقدامات کے تحت کام کریگا، وائس چانسلر خود نگرانی کریں گے۔ اچھے اساتذہ پیدا کرنے کیلئے ایم فل میں میڈیکل ٹیچنگ کورس کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اجلاس میں مختلف تدریسی شعبوں کے سربراہان اور میڈیکل کالجوں کی سینئر فیکلٹی نے شرکت کی۔ بورڈ نے ایم ایس، ایم ڈی کی طرح ایم فل کے طلبہ اور سوپروائزرز کیلئے بھی تربیتی ورکشاپس کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔ یہ ورکشاپس بائیو سٹیٹسٹکس، کمیونیکیشن سکلز ، آئی ٹی اور ریسرچ رائیٹنگ میں ہوں گی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ آئندہ ایسی ریسرچ کی اجازت دی جائے گی جس کا براہ راست فائدہ لوگوں کو ہو۔ محض پروموشن کیلئے کی جانے والی تحقیق اور چھپوائے جانے والے مقالات کو نہیں مانتا۔ وی سی یو ایچ ایس نے مزید کہا کہ ایم فل کرنے والے کو پڑھانا ہی نہ آئے تو ڈگری کا کیا فائدہ۔ ایسے گریجوایٹ پیدا کریں گے جو ہر جگہ یو ایچ ایس کی پہچان بنیں۔

اجلاس میں پوسٹ گریجوایٹ طلبہ کی تھیسس رپورٹس کا جائزہ، ایگزامنرز کے پینل کی بھی منظوری دی گئی۔ ان میں پی ایچ ڈی کے دو، ایم فل کے چھ، ایم ایس کے چھ طلبہ شامل تھے۔ ایم ڈی، ایم ایس، ایم ڈی ایس، ایم فل ، ایم ایچ پی ای پروگرامز کے طلبہ کے تحقیقی خاکہ جات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر خالد رحیم نے ایم فل پروگرامز کو سمسٹر سسٹم پر منتقل کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی۔







