
لاہور (خبر نگار) اے سی سی اے (ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس) کی جانب سے مالی سال 2023-24 کے حوالے سے اپنی بجٹ تجاویز پیش کی ہیں جن میں اہم چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں میں اہم تبدیلیوں کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ان تجاویز کابنیادی مقصد آبادی میں اضافہ، موسمیاتی تبدیلی، زرعی تنزلی اور غذائی تحفظ کے خدشات جیسے مسائل کو حل کرنا ہے۔
اے سی سی اے اس بات پر زور دیتا ہے کہ پالیسیوں اور ان کے نفاذ کو تسلسل کے ساتھ رکھنے کے لیے، حکومت، سیاسی جماعتوں اور کاروباری گروپوں کو اگلے 10-15 سالوں کے لیے ‘میثاق معیشت’ پر دستخط کرنے چاہییں تاکہ طویل مدتی عزم استحکام اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ حاصل ہو سکے۔
اس کے علاوہ بجٹ تجاویز میں ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنانے، درآمدات کو کم کرنے، مقامی کھپت کو بڑھانے، مہنگائی کو کم کرنے اور برآمدات بڑھانے کے لیے کثیر جہتی نقطہ نظر کی تجویز دی گئی ہے۔ اے سی سی اے مستقل اقتصادی پالیسیوں، مقامی وسائل اور ہنر سے فائدہ اٹھانے اور ایک نئے معاشی ماڈل کو اپنانے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
انتجاویز کے مطابق اے سی سی اے غیر ضروری درآمدات میں پائیدار کمی اور درآمدی بل کو کم کرنے کے لیے درآمدی متبادل کی نشاندہی کرنے کی سفارش کرتا ہے۔ ماحول دوست توانائی کے ذرائع کو فروغ دینے، دن کی روشنی کی بچت کو نافذ کرنے، اور کاروباری اوقات اور کام کے دنوں کو کم کرنے کی کوششوں سے تیل اور گیس کی درآمدات پر انحصار کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اے سی سی اے ان خدمات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے جو پاکستان کے خام مال اور ہنر مند نوجوانوں سے فائدہ اٹھاتی ہیں۔ ٹیکس کے بوجھ کو زیادہ آمدنی والے افراد پر منتقل کرنے اور متوسط اور کم آمدنی والے طبقوں کے لیے زندگی گزارنے کی لاگت پر سبسڈی دینے کی تجویز ہے تاکہ ٹیکس کی منصفانہ پالیسیوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
اے سی سی اے ٹیکس دہندگان کی بنیاد کو بڑھانے کے لیے معیشت کی دستاویزات میں اہم پیش رفت کا مطالبہ کرتا ہے۔ آرٹیفشلانٹیلیجنس اور ڈیٹا اینالیٹکس جیسی ٹیکنالوجیز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے، عالمی ادارہ تجویز کرتا ہے کہ معاشی بحالی کو آسان بنانے کے لیے، اے سی سی اے توانائی کے شعبے میں مہنگے معاہدوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے مقامی صنعت، مینوفیکچرنگ اور کان کنی کو ترغیب دینے کا مشورہ دیتا ہے۔ گرین انرجی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری، ملکی مصنوعات کے استعمال کی حوصلہ افزائی، اور بینکنگ سیکٹر کے ذریعے انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا بھی اہم حکمت عملیوں کے طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔
اے سی سی اے پاکستان کے IT/ITeS سیکٹر کی ترقی کی صلاحیت کو اجاگر کرتا ہے اور سازگار پالیسیوں، ٹیکسوں میں چھوٹ، اور سرمایہ کاری کا مطالبہ کرتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اپنی مکمل صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے اعلیٰ ہنر کی تربیت کے حوالے سے اے سی سی اے ڈاکٹروں، اکاؤنٹنٹ، انجینئرز، وکیلوں اور آرکیٹیکٹس جیسے پیشہ ور افراد کو ٹیکس کے نظام میں شامل کرکے ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کی بھی سفارش کرتا ہے۔
مزید برآں اے سی سی اے پاکستانی اسٹارٹ اپس کی مدد کے لیے ایک وینچر کیپیٹل فنڈ کے قیام کی تجویز پیش کرتا ہے اور یہ بھی مطالبہ کر تا ہے کہ سولر پینلز کے لیے سبسڈی اور آئندہ بجٹ میں لائیو اسٹاک سیکٹر کو ترجیح دی جائے۔اے سی سی اے کے ٹیکسیشن کے عالمی اصول عوامی اعتماد اور ٹیکس کے موثر نظام کو قائم کرنے کے لیے ایک رہنما فریم ورک کے طور پر کام کرتے ہیں۔ اکاؤنٹنسی باڈی ٹیکس قانون سازی، شفافیت، سادگی اور یقین کی اہمیت پر زور دیتی ہے۔ اے سی سی اے کا خیال ہے کہ بجٹ کی ان تجاویز پر عمل درآمد کرکے پاکستان پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کر سکتا ہے،بے روزگاری کے چیلنجوں سے نمٹ سکتا ہے اورخود کوخطے کی ایک بڑی معیشتکے طور پر کھڑا کر سکتا ہے۔







