صارفین بجلی کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے لیسکوہیڈ کوارٹر میں ای- کچہری کا انعقاد۔

لاہور (خبر نگار)
چیف ایگزیکٹو انجینئرشاہد حیدرکی زیرِصدارت آج لیسکو ہیڈکوارٹر میں ای کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں فیس بک کے لائیو سیشن کے ذریعے صارفین کی شکایات سُنیں اور شکایات کے فی الفور ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے۔ لیسکو کی خصوصی ای کچہری میں جی ایم ٹیکنیکل عامر یٰسین، ڈی جی امپلیمنٹیشن ضمیر حسین کلاچی،ایچ آر ڈائریکٹر آضیہ شعیب، کسٹمر سروسز ڈائریکٹر رائے محمد اصغر،ڈائریکٹر ایڈمن میاں محمد افضل، چیف انجینئر پلاننگ عمران اور ایڈیشنل ڈی جی کمپلینٹ سیل طاہر محمود بھی موجود تھے جبکہ لیسکو کے تمام سرکلز کے ایس ایز نے بھی فیس بک لنک کے ذریعے شرکت کی۔لیسکو کی جانب سے منعقد کی جانے والی ای کچہری میں ریجن کے تمام سرکلز کے صارفین بھی اپنے مسائل کے بروقت حل کے لئے بھرپور شرکت کرتے ہیں۔آج منعقد ہونے والی لیسکو کی ای-کچہری میں مختلف نوعیت کی 186شکایات موصول ہوئیں جن میں زیادہ تر شکایات نئے میٹرز کی تنصیب اور خراب میٹروں کی تبدیلی میں تاخیر سے متعلق شکایات شامل ہیں۔چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے موصول شدہ شکایات پر متعلقہ افسران کو فی الفور ہدایات جاری کئیں۔چیف ایگزیکٹو نے تمام افسران پر زور دیا کہ صارفین کی شکایات کے ازالے کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔انہوں نے صارفین سے بھی درخواست کی کہ بجلی کی بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے اپنے بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی کریں۔واضح رہے کہ ہر ماہ لیسکو چیف اپنی ٹیم کے ہمراہ فیس بک پیج LESCO PMDU کے ذریعے عوام کی شکایات وصول کرتے ہیں جن کے فی الفور ازالے کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جاتا ہے۔







