پاکستانجرم و سزاسٹی

چیئرمین اُخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب کی سنٹرل پولیس آفس آمد، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات

سپاہ کی جدید تعلیم و تربیت، فلاح و بہبود کے لئے پنجاب پولیس اور اُخوت فاونڈیشن کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ بارے اتفاق۔

پنجاب پولیس کے فلاحی پراجیکٹس ڈاکٹر امجد ثاقب کے اُخوت اور دیگر اقدامات سے متاثر ہو کر شروع کئے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور

لاہور (خبر نگار, کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس تحفظ مراکز معاشرے کے ستم زدہ افراد کی مدد اور بحالی کے لئے پنجاب پولیس کا پائیدار اور برانڈ ایمبیسڈر پراجیکٹ ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کے مختلف فلاحی پراجیکٹس ڈاکٹر امجد ثاقب کی سماجی تنظیم اُخوت اور دیگر اقدامات سے متاثر ہو کر شروع کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ خواتین ریکروٹس کو یو ایس آئی پی استحصال اور زیادتی کا شکار ٹرانسجینڈرز اور متاثرہ خواتین و بچوں کی قانونی و سائیکالوجیکل مدد بارے ٹریننگ دے رہا ہے،یو ایس آئی پی متاثرہ افراد کی مدد اور بحالی کے لئے خواتین وکٹم سپورٹ افسران کی تربیت اور سرٹیفیکیٹس بھی کر رہا ہے،ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب بھر کے پولیس تحفظ مراکز میں ٹرانسجینڈرز کو ملازمت فراہم کی گئی ہے جبکہ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں تربیت حاصل کرنے والی خواتین ریکروٹس کو تحفظ مراکز میں وکٹم سپورٹ افسران تعینات کیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اُخوت فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
چیئرمین اُخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔دوران ملاقات سپاہ کی جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم و تربیت، فلاح و بہبود کے لئے پنجاب پولیس اور اخوت فاونڈیشن کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ بارے اتفاق رائے کیا گیا۔ایس ڈی پی او گلبرگ اے ایس پی شہربانو نے پولیس تحفظ مراکز کے اغراض و مقاصد اور کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ پنجاب پولیس کے شہدا اور اہلکاروں کے بچوں کے لئے ”اُخوت” جدید تعلیم و تربیت،کیپسٹی بلڈنگ کی فراہمی میں معاونت فراہم کرے گا،منشیات کا شکار ٹرانسجینڈرز کے علاج معالجے اور بحالی کے لئے پنجاب پولیس کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں گے۔چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب کو سی پی او کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایا گیا۔آئی جی پنجاب نے ڈاکٹر امجد ثاقب کو سی پی او کے بلڈنگ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن بارے آگاہ کیا۔ امریکی ادارے یو ایس آئی پی (USIP) کے تحت تنظیم مساوی کی ڈائریکٹر سیوم سادات، طیبہ، خالد، ارشم باری سمیت وفد کے دیگر اراکین بھی موقع پرموجود تھے۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید، اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر، ایس پیز، اے ایس پیز، سینئر پولیس افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button