پولیس جوانوں کے شب و روز کو اجاگر کرتی شارٹ فلم ”محافظ” تیار، ریلیز کی تیاریاں شروع
سنٹرل پولیس آفس میں فلم ''محافظ'' کے پرومو کی افتتاحی تقریب، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فلم کا پرومو ریلیز کر دیا،
محافظ فلم کا ٹریلر سوشل میڈیا پر ریلیز کر دیا گیا، عنقریب فلم کی سکریننگ کی جائے گی، ترجمان پنجاب پولیس
لاہور(خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کے شب و روز کو اجاگر کرتی مختصر دورانئے کی فلم ”محافظ” کا پرومو ریلیز کردیا ہے جبکہ فلم کی سکریننگ اور ریلیزکیلئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کے دفاتر میں انٹرن شپ مکمل کرنے والے یونیورسٹی طلباء کی ذاتی کاوش سے 28 منٹ دورانیہ کی فلم ”محافظ“ بنائی ہے جو پولیس جوانوں کے کیرئیر، پیشہ ورانہ جدوجہد کا احاطہ کرتی ہے، فلم ”محافظ” میں ایک فرض شناس پولیس انسپکٹر کی پروفیشنل و ذاتی زندگی کی دشواریوں کی عکاسی کی گئی ہے اور پولیس کیرئیر میں پیش آنے والے مختلف چیلنجز، نشیب و فراز، عزم و حوصلے کو نمایاں کیا گیا ہے۔
فلم ”محافظ ”پنجاب یونیورسٹی کے طالب علم خادم حسین اور ساتھی طلبا نے اپنے بجٹ سے بنائی ہے، پنجاب پولیس نے یونیورسٹی طلبا کو فلم کی تیاری میں ٹیکنیکل اینڈ لاجسٹک سپورٹ فراہم کی ہے۔ قانون کے طالب علم خادم حسین نے سنٹرل پولیس آفس سے پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام مکمل کیا، دو ماہ دورانئے کی انٹرن شپ کے دوران طلبا و طالبات کو پولیس ملازمین کی ورکنگ اور مسائل کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا، فلم میکر خادم حسین نے کہاکہ پولیس پر ہونے والی بے جا تنقید پر اصل حقائق سامنے لانے کے لئے شارٹ فلم بنانے کا فیصلہ کیا اور یہ فلم پولیس جوانوں کی چیلنجز سے بھرپور زندگی کی ایک جھلک عوام کے سامنے پیش کرے گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوجوان طلبا کی شاندار کاوش کو بے حد سراہا،محافظ فلم کا ٹریلر سوشل میڈیا پر ریلیز کر دیا گیا جسے سینکڑوں شائقین نے دیکھا اور سراہا ہے،ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ عنقریب محافظ فلم کی سکریننگ کی جائے گی۔ فلم کی پروڈکشن اور ایکٹنگ میں حصہ لینے والے یونیورسٹی طلبا و طالبات نے آئی جی پنجاب کے ہمراہ پرومو کیک بھی کاٹا،ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر،ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی سمیت سینئر افسران اس موقع پرموجود تھے۔