لیسکو ریجن میں جاری بارشوں کے دوران صارفین و ملازمین سیفٹی کا خاص خیال رکھیں۔چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر
لاہور (خبر نگار)
لاہور سمیت لیسکو ریجن میں جاری بارشوں کے پیش نظر چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر ممکن احتیاط اپنائیں اور بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے نزدیک مت جائیں اپنی گاڑیاں اور مویشی ٹرانسفارمرز کے نیچے مت کھڑے کریں۔چیف ایگزیکٹو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بچوں کو بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات سے دور رکھیں اور ان کو یہ تاکید کریں کہ گلی محلوں میں کھیلتے ہوئے بجلی کے کھمبوں کو مت چھوئیں۔ بجلی کی ہائی ٹینشن لائنوں سے کم ازکم10فٹ دور رہیں۔واضح رہے کہ لیسکو متعدد مرتبہ صارفین کو بذریعہ اخبارات و ٹی وی برسات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے آگاہ کرتا رہا ہے۔بجلی معطل ہونے کی صورت میں لیسکو کو مطلع کرکے عملے کے آنے کا انتظار کریں۔چیف ایگزیکٹو نے تمام فیلڈ اسٹاف کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ بارشوں کے دوران لائن پر کام کرنے والے ملازمین سیفٹی سے متعلق تمام ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کریں۔ لیسکو چیف انجینئر شاہد حیدر کا کہنا تھا کہ تمام ایس ڈی اوز اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے ماتحت لائن اسٹاف کی ٹی اینڈ پی محفوط اور مکمل ہے۔انہوں نے سختی سے ہدایات دیں ہیں کہ کوئی بھی لائن اسٹاف حفاظتی آلات کے بغیر لائن پر ہرگز کام نہیں کرئے گا جبکہ 11کے وی لائن پر کام کرنے سے پہلے پرمٹ ٹو ورک اور لائنوں کی دونوں جانب سے ارتھنگ لازمی کی جائے۔چیف لیسکو کا کہنا ہے کہ صارفین کی شکایات کے ازالے کے ساتھ ساتھ اپنی قیمتی جان کی بھی حفاظت کریں اور جلد بازی قطعاً نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ فراہم کئے گئے حفاظتی آلات استعمال نہ کرنے کے باعث جان لیوا حادثات پیش آتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنے متعلقہ علاقے کے کمپلینٹ آفس،ایس ڈی او اور ایکسئین سے فوری رابطہ کریں یا ان نمبروں 0320-0520888، 111-000-118 پر اطلاع دیں۔