دوددھ گوشت کی برآمدات کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کیلئے ٹھوس اقدامات ضروری ہیں، وزیر لائیوسٹاک ابراہیم مراد
لاہور(خبر نگار) نگران وزیر لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب ابراہیم حسن مراد کی زیرصدارت اجلاس میں سمال اینٹرپرائزز زون پراجیکٹ میں میٹ اور ڈیری پراسیسنگ زون کے قیام کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لائیوسٹاک مسعود انور اور پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے حکام نے بھی شرکت کی۔ ابراہیم حسن مراد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی دوددھ اور گوشت کی برآمدات کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کیلئے ٹھوس اقدامات نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے ویژن کے مطابق پنجاب میں لائیوسٹاک سیکٹر کو ترقی دیں گے۔ نگران صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ساتھ میٹ اینڈ ڈیری پراسیسنگ زون قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لائیوسٹاک فارمنگ کو جدید خطوط پر استوار کر کے سالانہ کروڑوں ڈالر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ چین سمیت متعدد ممالک پاکستان سے گوشت کی درآمد میں دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں۔ اس سمت میں پیشرفت کے لئے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے توسط سے میٹ ایکسپورٹ میں اضافہ یقینی بنائیں گے۔