سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کےخلاف حضرت سخی سلطان بابا جانی سرکار اللہ والوں کی زیر قیادت ” حرمت قرآن ” ریلی
قر آن کریم کی بے حرمتی کرنے والے عالمی امن کے دشمن ہیں۔ بابا جانی سرکار

ریلی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والےمرد وخواتین سمیت بچوں کی کثیرتعداد شریک۔ آو آئی سی کے فورم پر متحد ہو کر قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات و دیگر اسلاموفوبیا کے سلسلے کو روکنے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔بابا جانی سرکار
لاہور(خبر نگار) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور نذر آتش کیے جانے کےخلاف سروری جماعت کے زیر اہتمام لاہور ، کراچی،حیدرآباد،میر پورخاص سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے تمام شہروں میں احتجاج،جلسے،جلوس کا انعقاد کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہور میں سروری جماعت کے زیر اہتمام” حرمت قرآن ” ریلی کا آغاز حضرت سخی سلطان بابا جانی سرکار اللہ والوں کی زیر قیادت جامع مسجد تقوی ہربنس پورہ لاہور سے ہوا، جوکینال روڈ،مناواں، جی ٹی روڈ، شالیمارباغ، باغبانپورہ،کو آپریٹو سٹور،گڑھی شاہو،کوئین میری سے ہوتی ہوئی پریس کلب لاہور پہنچی، لاہور پریس کلب پر سروری جماعت کے روحانی پیشوا حضرت سخی سلطان بابا جانی سرکار اللہ والوں نے شرکاءسےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ قر آن کریم کی بے حرمتی کرنے والے عالمی امن کے دشمن ہیں،قرآن سراسر ہدایت ہے جس کی حفاظت کا ذمہ خود اللہ رب العزت نے لیا ہوا ہے۔ باباجانی سرکار نے مطالبہ کیا کہ پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک سویڈن کے سفیروں کو فی الفور ملک بدر کریں۔ جبکہ آو آئی سی کے فورم پر متحد ہو کر قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات و دیگر اسلاموفوبیا کے سلسلے کو روکنے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ قرآن کریم کی بے حرمتی کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ قرآن کریم کی توہین کرنے والا ملعون دنیا بھر کے امن کا دشمن ہے ۔ عالمی برادری مذہبی مقدسات کی بے حرمتی کو جرم قرار دینے کیلئے قانون سازی کرے۔بابا جانی سرکار نے کہا کہ اسلامی ممالک توہین قرآن مجید کے مرتکب عناصر کیخلاف سخت ترین لائحہ عمل اپنائیں اورقرآن کی بے حرمتی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ خون کے آخری قطرے تک سروری حرمت قرآ ن کا دفاع کریں گے اور اس کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے ۔
ریلی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والےمرد وخواتین سمیت بچوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی ۔ریلی کے شرکاءنے سویڈن حکومت کےخلاف شدیدنعرے بازی کرتے ہوئے سفارتی و تجارتی تعلقات ختم کرنے کامطالبہ کیا۔شرکاء نے مختلف پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے

جن پر سویڈن حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی مال روڈ لاہور سے ہوتے ہوئے گورنر ہائوس اور پھر کینال روڈ سے صدر گول چکر پہنچی، جہاں شرکا میں لنگر تقسیم کیا گیا۔ریلی دھرم پورہ، لال پل،تاج باغ ہربنس پورہ سے ہوتے ہوئے جامع مسجد تقوی پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی اور مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے ۔







