آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کانسٹیبلری کی خدمات کے اعتراف میں تاریخی اقدام،

ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر کے کانسٹیبلز کو شولڈر بریڈز لگا کر انکی عزت و تکریم میں اضافہ کر دیا،
لاہور (خبرنگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بطور کانسٹیبل پولیس فورس میں خدمات سر انجام دینے والے ہزاروں ملازمین کی عزت و تکریم میں اضافے کیلئے تاریخی اقدام اٹھایا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کے تمام کانسٹیبلز کی خدمات کے اعتراف میں انہیں خصوصی شولڈر بریڈز لگانے کا آغاز کر دیا ہے۔ سنٹرل پولیس آفس میں خدمات سر انجام دینے والے کانسٹیبلز کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبلز کو مدت ملازمت کے مطابق شولڈر بریڈز لگائے، 10 سے 20 سال سروس والے کانسٹیبلز کو ایک بریڈ (سٹریپ) لگایا، 20 سے 30 سال والے کانسٹیبلز کو 02 بریڈ، 30 سال سے زائد سروس والے کانسٹیبلز کو 3 بریڈز لگائے گئے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ کانسٹیبلری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انکی عزت و تکریم میں اضافہ کیا گیا اور صوبے کی تمام ریجنز اور اضلاع میں کانسٹیبلری کو بریڈز لگائے جا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ کانسٹیبلز محکمہ پولیس کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور اب محکمہ کی جانب سے دی جانے والی اس عزت افزائی اور وقار کو بحال رکھنا کانسٹیبلز کا کام ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ کانسٹیبلری کی ویلفیئر کیلئے ہیلتھ، ایجوکیشن، محکمانہ ترقیوں اور استعداد کار میں اضافے سمیت تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
تقریب میں شریک کانسٹیبلز نے آئی جی پنجاب کی جانب سے ہونے والے عزت افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ راجہ رفعت مختار، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید خان، اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر، اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ اور اے آئی جی ویلفیئر سمیت سینئر افسران نے تقریب میں شرکت کی۔







