پولیس ٹیمیں شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی سمیت امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ آئی جی پنجاب
لاہور(خبر نگار ، کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پولیس ریلیف سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کردیں ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ٹیمیں شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی سمیت امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں، آر پی اوز، ڈی پی اوز سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف ورک کی خود نگرانی جاری رکھیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہا کہ پولیس فورس امدادی سرگرمیوں میں ضلعی حکومت اور دیگر اداروں کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن یقینی بنا رہی ہے، دریا کے کنارے آباد دیہاتوں اور آبادیوں میں پولیس کی امدادی ٹیموں کی پٹرولنگ کو باقاعدگی سے جاری رکھا جائے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ شدید سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف کیمپس لگانے کیلئے پنجاب پولیس کی تیاریاں مکمل ہیں اورسیلاب کے خطرے سے دوچار شہریوں کی جان ومال اور املاک کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں سیلاب کا خطرہ درپیش ہے وہاں دریائی چیک پوسٹوں پر پٹرولنگ کا عمل جاری رکھا جائے۔