
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر رمشا کی بائیں آنکھ کا کورنیا آپریشن کروایا گیا۔آپریشن کے بعد طالبہ رمشا کی بینائی مکمل ٹھیک، تعلیمی سلسلہ بحال ہوگیا۔
لاہور (خبر نگار ، کرائم رپورٹر )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا احسن اقدام، اے ایس آئی کی بیٹی کی بینائی مکمل طورپر بحال ہوگئی۔سپیشل برانچ وہاڑی میں تعینات اے ایس آئی محبوب عالم کی بیٹی رمشا محبوب فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طالبہ اور نظر کے عارضہ کیراٹوکونس میں مبتلا تھی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر اے ایس آئی محبوب عالم کی بیٹی رمشا کی بائیں آنکھ کا کورنیا آپریشن کروایا گیا۔آپریشن کیلئے 07لاکھ روپے محکمہ پولیس نے دئیے، جس کے بعد طالبہ رمشا کی بینائی مکمل ٹھیک اورتعلیمی سلسلہ بحال ہوگیا۔رمشا کے والد اے ایس آئی محبوب عالم سپیشل برانچ وہاڑی میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
رمشا محبوب کی والد کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس آمد، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ اے ایس آئی محبوب عالم نے بیٹی کا آپریشن کروانے پر آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔آئی جی پنجاب نے طالبہ رمشا محبوب سے اسکی تعلیم اور مستقبل پلان بارے دریافت کیا۔ آئی جی پنجاب کا طالبہ کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس فورس اور انکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے، فورس کی تعلیم، صحت اور روزگار کے مسائل کے ازالے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔







