لاہور (خبرنگار)صوبائی نگران وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم مراد نے ماس ٹرانزیٹ اتھارٹی لاہور کا دورہ کیا اور اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ماس ٹرانزیٹ اتھارٹی کے زیر انتظام چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ سے عوام کو سٹیٹ آف دی آرٹ سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں. پنجاب ماس ٹرانزیٹ اتھارٹی کے زیر انتظامیہ صوبے کے تین اضلاع لاہور، راولپنڈی، اور ملتان میں میٹرو بسیں جبکہ لاہور میں اورینج لائن میٹرو ٹرین روزمرّہ کی بنیاد پر شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ ابراہیم مراد نے بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر قریب 1 لاکھ 80 ہزار لوگ سفر کرتے ہیں. اورنج لائن میٹرو ٹرین کا سبسِیڈائیزڈ کرایہ کم سے کم 20 روپے اور زیادہ سے زیادہ 40 روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین سروس کے آغاز سے لے کر اب تک 9 کروڑ 80 لاکھ مسافر سفر کر چُکے ہیں. صوبائی وزیر کا میٹرو بس سروس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لاہور میٹرو بس آپریشنل ہونے سے لے کر اب تک 43 کروڑ 80 لاکھ لوگ اس میں سفر کر چکے ہیں جبکہ پاکستان میٹرو بس (راولپنڈی/اسلام آباد) میں آغاز سے اب تک 28 کروڑ 30 لاکھ مسافر سفر کر چکے ہیں۔ میٹرو بس سروس ملتان میں آج تک 7 کروڑ 70 لاکھ لوگ سفر کر چکے ہیں. صوبائی وزیر ابراہیم مراد نے بتایا کہ ماس ٹرانزیٹ اتھارٹی پنجاب کے تحت چلنے والی تمام سفری سہولیات میں آج تک کُل مِلا کر 1 ارب 14 کروڑ سے زائد لوگ سفر کر چکے ہیں. ابراہیم مراد کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب ماس ٹرانزیٹ اتھارٹی کے زیر انتظام چلنے والی تمام سفری سہولیات کو بہتر سے بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
صوبائی وزیر مائنز و معدنیات ابراہیم مراد نے ایک اور موقع پر کمشنر مائنز لیبر ویلفئیر سے لاہور میں اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مائینز ورکرز قومی معیشت کے مستحکم ہونے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور ان کی فلاح اور بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے جو اقدامات ضروری ہیں فوری کئے جانے چاہئیں۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ فنڈز کا استعمال مائینز میں کام کرنے والے مزدوروں کے حق میں بہتر سے بہتر ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس قوم کے مزدور خوشحال ہوں وہ قومیں بھی خوشحال ہوتی ہیں۔کمشنر مائنز لیبر ویلفئیر ریاض احمد نے صوبائی نگران وزیر کو جاری اور نئے منصوبوں کے حوالے تفصیلی بریفنگ دی۔