
پنجاب پولیس، نجی سکولز و کالجز سسٹم کے مابین ایم او یوز طے، پولیس شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم ملے گی۔
لاہور (خبر نگار ، کرائم رپورٹر ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ملازمین کے بچوں کی اعلی تعلیم کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے معروف نجی سکول و کالجز سسٹم کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ پنجاب پولیس، نجی سکولز و کالجز سسٹم کے مابین ایم او یوز کی تقریب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی جس میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا اور نجی سکولز و کالجز سسٹم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر عبدالستار نے ایم او یوز پر دستخط کئے۔ ایم او یو کے تحت نجی سکول اینڈ کالجز سسٹم (دا نالج سکول سسٹم اور آئی ایل ایم کالجز)میں پولیس شہداء کے بچوں کو مفت داخلہ اور تعلیم سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی،دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کو داخلہ فیس اور ماہانہ ٹیوشن فیس میں 50 فیصد رعایت ملے گی اسی طرح حاضر سروس ملازمین کے بچوں کو داخلہ فیس اور ماہانہ ٹیوشن فیس میں 30 فیصد رعایت دی جائے گی۔
دا نالج سکول سسٹم اور آئی ایل ایم کالجز کے پراجیکٹ ڈائریکٹر عبدالستار نے کہا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کے داخلے کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں اس سہولت سے مستفید ہوسکیں۔ آئی جی پنجاب نے ایم او یو کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ دیگر اداروں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی طرز پر مذکورہ ایم او یو تحت پولیس ملازمین کے زیادہ سے زیادہ بچوں کو بہترین معیاری تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس اور اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔







