لاہور (خبرنگار)
پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PCJCCI) کے صدر معظم گھرکی نے کہا کہ پاکستان اور چین کی خواتین کو وسیع سطح پر بااختیار بنانے کے لیے پاک چائنا ویمنز ڈیولپمنٹ ایمپلائمنٹ انیشیٹو کے قیام کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بی آر آئی کے تحت نوجوان پاکستانی کاروباری خواتین کی ترقی کے لیے ایسے منصوبے شروع کرنے چاہئیں تاکہ صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے پر نمایاں اثر ڈالیں۔ چینی خواتین کے تجربے سے پاکستانی خواتین کی سماجی ترقی میں مدد ملے گی
صدر PCJCCI نے مزید کہا کہ اس اقدام کے ذریعے تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت سے متعلق مختلف مختصر کورسز شروع کیے جائیں گے جیسے کہ؛ ملبوسات، خوراک، دستکاری، زبانیں، اور آئی ٹی سیکٹر۔ یہ کورسز خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے چین کی کوششوں کا حصہ ہوں گے، جو انہیں گوادر فری زونز کے ساتھ ساتھ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مسابقتی منڈیوں کے لیے انتہائی ضروری "ہائی ٹیک مین فورس” کا لازمی جزو بننے کا ایک بہترین موقع فراہم کریں گے۔
پی سی جے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فانگ یولونگ نے کہا کہ تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم اور انہیں مفت فراہم کی جانے والی دیگر متعلقہ سہولیات کے ساتھ، یہ خواتین ایک چھوٹے سے شہر کو جدید سمارٹ سٹی میں تبدیل کرتے ہوئے تبدیلی کی ایجنٹ ثابت ہوں گی۔ گارمنٹس کا شعبہ ان اہم شعبوں میں سے ایک ہے جس میں خواتین تیزی سے ترقی کر سکتی ہیں، اپنی مہارت اور علم سے مختلف ڈیزائنوں کے ملبوسات تیار کر کے پاکستان میں مختلف اعلیٰ درجے کی ملبوسات کی صنعت میں روشن پیشہ ورانہ راستے سے لطف اندوز ہو سکتی ہیں۔ چینی خواتین پاکستانی لباس کے انداز میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں اور ہم دونوں ممالک کی خواتین کو آن لائن پورٹلز کے ذریعے ایسی مصنوعات کی خرید و فروخت کے لیے جوڑ سکتے ہیں۔
حمزہ خالد، نائب صدر PCJCCI نے مزید کہا کہ پاکستان میں خواتین بہت باصلاحیت ہیں، لیکن اس سے قبل ان کے پاس اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لیے کوئی پلیٹ فارم نہیں تھا۔ خواتین کو بنیادی ہنر سکھانے کے لیے کئی پیشہ ورانہ تربیتی ادارے موجود ہیں، لیکن یہ اس قسم کا پہلا مرکز ہے جو ہنر مند خواتین کو منظم طریقے سے آمدنی پیدا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ پاک چائنا ویمنز ڈویلپمنٹ ایمپلائمنٹ سنٹر خواتین کو مالی طور پر خود مختار ہونے میں مدد دے سکتا ہے، جس سے انہیں اپنے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور غربت کے خلاف جنگ میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔
صلاح الدین حنیف، سیکرٹری جنرل PCJCCI نے مزید کہا کہ PCJCCI نے ہمیشہ ایسے منصوبے شروع کرنے پر زور دیا ہے جس سے دونوں ممالک کے کاروبار میں قدر میں اضافہ ہو سکے۔ پاک چائنا ویمنز ڈویلپمنٹ ایمپلائمنٹ انیشیٹو یقینی طور پر پاکستان اور چین دونوں کی خواتین کے لیے مواقع کے نئے راستے کھولے گا۔