
لاہور (خبرنگار)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے رات گئے محرم کے ماتمی جلوسوں کے روٹس، امام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات کا دورہ کیا۔ ڈی آئی جی(آپریشنز) سید علی ناصر رضوی، ایس پی (آپریشنز )صدرڈویژن وقارعظیم کھرل، اے ایس پی (چوہنگ) سدرہ خان اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔ سی سی پی او لاہور نے امام بارگاہ کرنل مجتبٰی کیولری گراؤنڈ جنوبی چھاؤنی، امام بارگاہ نواب قزلباش چوہنگ، امام بارگاہ پنجتن پاک ٹاؤن شپ اورٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں مختلف امام بارگاہوں کے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پرمتعلقہ پولیس افسران نے سی سی پی او کو سیکورٹی امور سے متعلق بریفنگ دی۔ بلال صدیق کمیانہ نے امام بارگاہوں کے منتظمین، متولین اور لائسنس ہولڈرز سے سیکورٹی انتظامات سے متعلق استفسار کیا۔ امام بارگاہوں کے منتظمین نے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیااور مجالس کے اوقات کی پابندی اور جلوسوں کے روٹس کے حوالے سے تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام بارگاہوں اورمجالس کے مقامات پر فول پروف سیکورٹی انتظامات، مجالس اور جلوسوں کے روٹس کے جامع سیکورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول رومز کے ذریعے مجالس و جلوسوں کے روٹس کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امن کی فضا قائم رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے اور امن و امان میں رخنہ ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔







