اس جدید سسٹم کی بدولت تفتیشی افسران کو عادی مجرمان کی شناخت اور گرفتاری میں خصوصی معاونت میسر آئے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور
لاہور (خبر نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے چہرہ شناخت کے جدید ترین سسٹم ”فیس ٹریس” کا باضابطہ آغاز کردیا ہے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی جدید ٹیکنالوجی سے مزین یہ سسٹم پنجاب پولیس آئی ٹی ونگ نے پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے تیار کیا ہے،افتتاحی تقریب میں آئی جی پنجاب نے کہاکہ”فیس ٹریس“ پنجاب پولیس کے کریمنل مینجمنٹ سسٹم سمیت دیگر ڈیٹا بیس پورٹلز سے ہم آہنگ ہے اوراس جدید سسٹم کی بدولت تفتیشی افسران کو عادی مجرمان کی شناخت اور گرفتاری میں خصوصی معاونت میسر آئے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے تمام آر پی اوز و ڈی پی اوز اور تفتیشی افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس جدید سسٹم سے استفادہ کرتے ہوئے عادی و پیشہ ور مجرمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں اور انہیں قرار واقعی سزائیں دلوا کر انسداد جرائم کا عمل مزیدتیز کریں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ تربیت، پریکٹس، انٹی گریشن اورفورس سے حاصل ہونے والے فیڈ بیک کی روشنی میں اس سسٹم کو مزید بہتر بنایا جائے اور اسے دیگر اداروں کے ڈیٹا بیس کے ساتھ بھی منسلک کرتے ہوئے بہتر سے بہتر کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں ”فیس ٹریس سسٹم“ کا باضابطہ افتتاح کرنے کے بعد افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس نے چہرہ شناخت سسٹم کے فیچرز، افادیت اور ورکنگ بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تمام اضلاع کو فیس ٹریس سسٹم کے طریقہ استعمال بارے آگاہی دی گئی ہے اور عنقریب فیس ٹریس سسٹم کو ای پولیس پوسٹ،کرائم پریوینشن ایپ سے بھی منسلک کر دیا جائے گا۔ احسن یونس نے کہاکہ فیس ٹریس سسٹم آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی جدید ترین ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہے اور اس سے مجرمان کی شناخت کے بعد گرفتاری کا عمل مزید تیز ہوجائے گا۔ڈی آئی جی آئی ٹی نے سسٹم کو استعمال کرنے کا طریقہ بھی بتایا اور اسکے فیچرز بھی شرکاء کو تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
تقریب میں پی آئی ٹی بی کے چئیرمین فیصل یوسف، ایڈیشنل ڈی جی قاسم افضال، چیف ٹیکنیکل آفیسر عادل اقبال اور پراجیکٹ ڈائریکٹر عاصم اقبال، سمیت دیگر افسران موجود تھے۔
تقریب کے اختتام پر آئی جی پنجاب نے پی آئی ٹی بی اور پنجاب پولیس آئی ٹی ونگ کے افسران کو تعریفی اسناد سے نوازا۔ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ راجہ رفعت مختار، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی پنجاب وقاص نذیر، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی افضال احمد کوثر، اے آئی جی ٹریننگ فیصل مختار نے بھی شرکت کی جبکہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، یونٹس سربراہان اور تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔