پاکستانسٹی

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا 1787 کمپلینٹ سنٹر کا دورہ، سٹاف ورکنگ کی انسپکشن کی

آئی جی پنجاب کی شہریوں کی شکایات کے حل میں دلچسپی نہ لینے والے ایس ڈی پی اوز کو سخت تنبیہہ

شہریوں کی درخواستوں پر ایکشن نہ لینے والے افسران خود کو سخت جواب طلبی کیلئے تیار رکھیں۔ سنٹرل پولیس آفس کی کھلی کچہری میں شہریوں اور پولیس ملازمین کے مسائل سن کر احکامات بھی جاری کئے۔ آئی جی پنجاب

لاہور (خبر نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کہا ہے کہ 1787کمپلینٹ سنٹر سے موصول شکایات کا بروقت ازالہ متعلقہ ڈی پی اوز کی بھی ذمہ داری ہے لہذا ڈسٹرکٹ پولیس افسران 1787 کمپلینٹ سنٹر سے موصول شکایات اور ازالے کی شرح کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں اور متعلقہ ایس ڈی پی اوز سے اس بارے جواب طلبی کریں۔ ڈاکٹر عثمان انو رنے ہدایت کی کہ پولیس ہیلپ لائن 1787 پر رابطہ کرنے والے ہر شہری کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں کی شکایات کے حل میں دلچسپی نہ لینے والے ایس ڈی پی اوز کو سخت تنبیہہ کرتے ہوئے کہاکہ ایسے افسران خود کو سخت جواب طلبی کیلئے تیار رکھیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہاکہ 1787 کمپلینٹ سنٹر پر موصول شکایات کے ازالے میں غفلت کرنے والے افسران کی اے سی آرز میں انکی کارکردگی نظر آئے گی اور وہ دوبارہ اچھی پوسٹنگ پر نظر نہیں آئیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں،اندراج مقدمہ میں تاخیر کے ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ و قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج 1787 کمپلینٹ سنٹر کے دورے کے موقع پر کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے 1787کمپلینٹ سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور سٹاف ورکنگ کی انسپکشن کی،اے آئی جی کمپلینٹس احمد محی الدین نے آئی جی پنجاب کو موصول شکایات اور ازالے کیلئے جاری اقدامات بارے بریفنگ دی۔
مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس کی کھلی کچہری میں شہریوں اور پولیس ملازمین کے مسائل سن کر احکامات جاری کئے۔ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کی درخواستوں پر متعلقہ ڈی پی اوز کو فوری کاروائی کرکے رپورٹ بھجوانے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہاکہ ڈسٹرکٹ پولیس افسران روزانہ کی بنیاد پر شہریوں سے ملاقات کریں اور انکے مسائل مقامی سطح پر ہی حل کئے جائیں۔

ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کی درخواستوں پر متعلقہ برانچ سربراہان کو ذاتی نگرانی میں ازالے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹرانسفر، پوسٹنگ، جزا و سزا سمیت دیگر محکمانہ امور سے متعلقہ مسائل پر کانسٹیبلری کو میرٹ کے مطابق ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ فورس کے مسائل کا ازالہ کرکے ہی ہم ان سے بہتر پرفارمنس کا تقاضا کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انورنے دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے اہل خانہ کے مسائل بارے بھی احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس شہدا کے ساتھ ساتھ دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے ورثاء کے ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھا جا رہا ہے۔ کھلی کچہری میں اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button